ضلع استور کے بالائی علاقوں شونٹر، نوگام،میکیال اور پکورہ میں ڈپٹی کمشنر استور کے ہدایات پر کھلی کچہری

جمعہ 10 مئی 2024 13:50

استور 10 مئی (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2024ء) ڈپٹی کمشنر استور محمد طارق کے احکامات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر شونٹر محمد حسین بٹ کی زیر نگرانی وادی استور سب ڈویژن شونٹر، پکورہ ،نوگام اور میکیال میں سب ڈویژنل انتظامیہ کے زیر اہتمام کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا ۔کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر شونٹر محمد حسین بٹ، ایس ڈی او غلام حسین ،تحصیلدار عارف عالم ،سول سپلائی کے ذمہ داران اور مختلف محکمہ جات کے انچارجز نے شرکت کی۔

عوام علاقہ نے کھلی کچہری میں علاقے کے اجتماعی مسائل بلخصوص گندم کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر محمد حسین بٹ کو آگاہ کیا ۔اسسٹنٹ کمشنر محمد حسین بٹ نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کا سرکاری افسران تک رسائی کو آسان بنانا ہے تاکہ ان کے مسائل و شکایات کا فوری ازالہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر استور محمد طارق کی کوشش ہے کہ عوام کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کیے جائیں اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوئی سستی اور کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اسسٹنٹ کمشنر شونٹر محمد حسین بٹ نے کہا کہ پکورہ ڈپو میں جو بقایاکوٹہ رہتا ہے اس مہینے کی 15تاریخ تک ڈپو میں پہنچایا جائے گا اور لوگوں کو جاری کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پکورہ میں عوام کو گھر کی دہلیز پر صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ گوریکوٹ سے چیلم تک سیاحتی مقام کی ایک خاص اہمیت اور افادیت ہے مقامی لوگ ،نوجوان , علماء اور عمائدین انتظامیہ سے تعاون کریں بہت جلد اس سیاحتی مقام کوفروغ دیں گے ۔

اسسٹنٹ کمشنر محمد حسین بٹ نے کھلی کچہری میں تحصیلدار شونٹر کو ہدایات دی کہ غیر قانونی تجاوزات کو ہٹاکر روڈ کو واگزار کرائیں اور اسسٹنٹ کمشنرشونٹر نے مختلف محکموں کے ذمہ داران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ افسران عوام کی شکایات و مسائل حل کرنے پر توجہ دیں اور قانون کی روشنی میں ان کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو کہا کہ وہ عوامی مسائل میں دلچسپی لیں اور اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیں۔عوام نے کھلی کچہری منعقد کرنے پر ڈپٹی کمشنر استور محمدطارق اور اسسٹنٹ کمشنر شونٹر محمد حسین بٹ کے اس اقدام کو سراہا ہے۔