صوبے میں صنعتوں کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،عبدالکریم خان

جمعہ 10 مئی 2024 19:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2024ء) وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و حرفت و فنی تعلیم عبدالکریم تور ڈھیر نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور کی ہدایت پر صوبے میں صنعتوں کے فروغ، صوبے کی عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلبہ کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پاک اسٹریا فخاشولے یونیورسٹی ہری پور میں انسٹیٹیوٹ آف اپلائڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ہری پور میں انڈسٹری' اکیڈ یمیا اور حکومت کے تعاون کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کے دوران کیا، اس موقع پر یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر محمد مجاہد' صنعت اور تعلیم سے وابستہ اعلی حکام کی کثیر تعداد کے علاوہ ڈاکٹر عبدالمتین نے بھی شرکت کی اور طالب علموں کی صلاحیتوں کو صنعتی شعبہ میں بہترین طریقے سے استعمال میں لانے کے طور طریقوں پر سیر حاصل بحث کی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے کہا کہ مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم بچے ہمارے حقیقی سرمایہ ہیں جن کی تربیت صنعتی شعبہ کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں آسانی سے ملازمت بھی مل سکے اور وہ صوبے اور ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار بھی ادا کر سکیں۔ معاون خصوصی برائے صنعت و حرفت و فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے اجلاس کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور انہیں صنعتی شعبہ کی ترقی' صنعتوں میں طلبہ کو بھرپور کردار کے قابل بنانے کے لیے حکومت کی طرف سے بھرپور تعاون فراہم کرنے کا اعادہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تعلیمی اداروں سے ایسے لوگ فارغ ہو سکیں جنھیں روزگار ڈھونڈنے میں کسی وسیلے اور سہارے کی ضرورت نہ ہو اور وہ اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر ہر جگہ باعزت مقام حاصل کرسکیں۔انھوں نے کہا کہ ہم ایسے اقدامات اٹھا رہے ہیں کہ صوبے کے فنی تعلیمی اداروں کے فارغ طلبہ محض کاغذی ڈگریوں کے حاصل یافتہ گریجویٹ نہیں ہوں بلکہ انھیں عملی طور پر اپنے شعبے میں مہارت حاصل ہو اور وہ انڈسٹری کی ضرورت ہوں۔انھوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی بنیادی سوچ اور مقصد مثبت ہے اور ہم انشاللہ اس میں کامیاب ہوں گے۔