سعودیہ گروپ نے حج سیزن 2024پلان کا اعلا ن کردیا

اس پلان کے تحت دنیا بھر سے عازمین حج کو74دنوںپر محیط آپریشن کے دوران مقدس مقامات تک لایا جائیگا

پیر 13 مئی 2024 17:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2024ء) سعودیہ گروپ نے حج سیزن2024کیلئے اپنے آپریشنل پلان کا اعلان کردیا ہے،جس کا مقصد دنیا بھر سے حجاج کی نقل و حمل کو آسان بنانا،تمام طریقہ کار کو سہل اور ہموار بنانا اور مختلف سروسز مقامات پر انہیںاعلیٰ درجے کی خدمات فراہم کرنا ہے۔اس آپریشنل پلان کے تحت سعودیہ کے 150سے زائد طیاروںپر مشتمل فضائی بیڑے میں1.2ملین سے زائد نشستیں مختص کی گئی ہیں،جو آپریشنل کارکردگی اور معیاری خدمات کے حوالے سے نمایاں ہیں۔

یہ اقدام سعودی قیادت کی ہدایت کے عین مطابق اٹھایا گیا ہے ،جسے عازمین حج کی خدمت میںشامل مختلف اداروں کا تعاون بھی حاصل ہے۔حج سیزن 2024کے دوران قومی فضائی کمپنی کا 9مئی سے شروع ہونے والا آپریشنل دورانیہ 74دنوں کی آمد و رفت پرمحیط ہے۔

(جاری ہے)

سعودیہ گروپ نے حج سیزن کیلئے پرفارمنس مانیٹرنگ،ٹرمینل آپریشنز،فالو اپ اور دیگر شعبوں کے ساتھ کو آرڈینیشن کیلئے خصوصی طور پر فعال ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔

مزید بر آں،جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹر نیشنل ایئر پورٹ کے لاؤنجز میںآپریشنل وسائل فراہم کئے گئے ہیں،اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر ایک ہنگامی پلان بھی تیار کیا گیا ہے۔مزید بر آں،جدہ اور مدینہ کے بین الاقوامی ایئر پورٹس پرمتعدد ورچوئل سمولیشنز بھی کئے گئے۔سعودیہ گروپ کی جانب سے جدہ،مدینہ ،ریاض،دمام اور ینبو سمیت پانچ ملکی ایئر پورٹس پر عازمین حج کا استقبال کیا جائیگا،جہاں11ہزار سے زائد فرنٹ لائن ملازمین اور ہوائی جہازوںکی دیکھ بھال کیلئے متعین تکنیکی ماہرین ان ایئر پورٹس پر ہموار نقل و حرکت اور آپریشنل کارکردگی کو یقینی بنائینگے۔

مزید بر آں،1لاکھ20ہزار عازمین حج کو’’مکہ روٹ‘‘اقدام کے ذریعے خدمات فراہم کی جائیں گی ،جو مکہ مکرمہ جانے والے عازمین کیلئے امیگریشن کے عمل کو آسان اور ہموار بنانے کی غرض سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔سعودیہ اس دوران اپنی ’’لگیج سروس‘‘بھی جاری رکھے گا اور2لاکھ70ہزار بیگز کے ساتھ ساتھ 2لاکھ40ہزار زم زم کی بوتلوںکی ہیڈلنگ بھی کی جائیگی۔

سعودیہ کے حج و عمرہ کے سی ای او عامر الخشیل کا کہنا ہے کہ ’’سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ حجاج کرام کی خدمت کے حوالے سے اپنا نمایاںکردار جاری رکھے ہوئے ہے،اوراس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ان کے روحانی سفر کو وژن2030کے مقاصدکے مطابق بھرپور بنایا جائے۔ہم ہر سال تمام شعبوں میںاپنی کاوشوں اور کارکردگی کو بہتر بناتے ہیںاور ایسے اقدامات اٹھاتے ہیںجو حجاج کرام کو زیادہ سہولیات اور اطمینان فراہم کرسکے اور ا ن کی آمد کے طریقہ کار اورایئر پورٹس پر چیک ان کے عمل کو آسان اور ہموار بنایا جاسکے۔

الخشیل نے مزید کہا کہ ’’سعودیہ حج سیزن کی تیار ی کے حوالے سے حکومتی وفود اور ٹریول ایجنٹس کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کیلئے پرعزم ہے،تاکہ چار بر اعظموںمیں100سے زائد مقامات پر زیادہ طلب والی مارکیٹس کیلئے مناسب نشستوںکی گنجائش فراہم کی جاسکے۔ہم سعودیہ کے دفاتر اور آن لائن چینلز کے ذریعے بناء رکاوٹ کے بکنگ کی سہولت فراہم کرتے ہیں،ہم نے سامان کی قبولیت کے معیار کے حوالے سے ایک آگاہی مہم بھی تشکیل دی ہے۔

‘‘سعودیہ حجاج کرام کے تجربے میںمزید اضافے کیلئے آؤٹ باؤنڈ اور ان باؤنڈ بورڈنگ پاسز کے اجراء سے شروع ہونے والے دیگر متعدد اقدامات بھی پیش کرتا ہے ۔سعودیہ کا 30سے زائد زبانوں پر عبور رکھنے والا کثیر القومی عملہ ہموار مواصلات کے عزم کے ساتھ اعلیٰ ترین معیاری موثر خدمات کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔ایئر لائن کی جانب سے ان پروازوں پر ہر قسم کے ذوق پر پورا اترنے والے مختلف انواع و اقسام کے کھانے بھی مہیا کئے جاتے ہیں۔

حج سیزن کیلئے سعودیہ کے استعمال کئے جانے والے طیاروںمیںایسی خصوصی اسکرین لگائی گئی ہیں،جس پر میقات کے اعلانات(حاجیوںکے لئے حج کی نیت شروع کرنے کیلئے مقررہ حد)او ر نماز کے اوقات دکھائے جائینگے۔ ان اسکرینوں پر 3لاکھ سے زائد منٹ کا اسلامی مواد بھی موجود ہوگا،جس کا مقصد حجاج کرام کو وزارت حج وعمرہ کے تعاون سے تیار کئے گئے عبادات اور مملکت کے ضوابط سے آگاہ کرنا ہے۔