صوبائی وزیرصحت خواجہ عمران نذیرکی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز جناح کیمپس کا دورہ ، کارکردگی کی تعریف

بدھ 15 مئی 2024 22:24

صوبائی وزیرصحت خواجہ عمران نذیرکی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز جناح ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2024ء) صوبائی وزیر برائے پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیرخواجہ عمران نزیر نے کہا ہے کہ میڈیکل اور نرسنگ کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا کلیدی کردار ہے۔ میڈیکل کی تعلیم کیلئے اپنے بچوں کو بیرون ملک غیر معیاری میڈیکل کالجوں میں داخلے کی اجازت دینا غلطی تھی۔

میرٹ پر کوئی سودے بازی نہیں ہونی چاہیے۔ ڈاکٹروں کی بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ زر مبادلہ کمانے کیلئے ہیلتھ پروفیشنلز کو ایکسپورٹ کرنا ہوگا اور اس کے لیے میڈیکل ایجوکیشن کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈز کے مطابق بنانا ہوگا۔ یو ایچ ایس اس حوالے سے لیڈ لے۔ وہ بدھ کے روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے جناح کیمپس کالا شاہ کاکو کے دورے کے موقع پر فیکلٹی سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یو ایچ ایس کے وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور، پرو وی سی پروفیسر نادیہ نسیم، سی ای او پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹر عاصم الطاف، ممبر سنڈیکیٹ ڈاکٹر زاہد پرویز، رجسٹرار پروفیسر سارہ غفور، خزانچی بقیع بن حنیف، سی ای او ہیلتھ شیخو پورہ ڈاکٹر پرویز اقبال سمیت ڈی ایچ کیو شیخوپورہ اور ٹی ایچ کیو مریدکے کی انتظامیہ اور کنسلٹنٹس موجود تھے۔

صوبائی وزیر خواجہ عمران نظیر نے یو ایچ ایس کے طلبہ کی ان ہسپتالوں میں ٹریننگ کے حوالے سے ایک سال قبل بنائی جانے والی حکومتی کمیٹی کی بے عملی کا سختی سے نوٹس لیا۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے رپورٹ آج ہی پیش کریں تاکہ ذمہ داروں کا تعین ہوسکے۔ انہوں نے یو ایچ ایس کے الائیڈ ہیلتھ سائنسز پروگرامز کی طلبہ کی ٹریننگ کو منظم بنانے کے لیے سی ای او ہیلتھ شیخو پورہ کو فوکل پرسن نامزد کیا۔

خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ یو ایچ ایس کے تعاون سے ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ، ٹی ایچ کیو ہسپتال مریدکے کے تمام ڈاکٹرز، سٹاف کو مختلف ڈسپلنز میں جدید ٹریننگ دلوائیں گے۔ ان ہسپتالوں کو سنٹرز آف ایکسیلینس بنایا جارہا ہے۔ قبل ازیں وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے صوبائی وزیر کو یونیورسٹی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انھوں نے بتایا کہ یو ایچ ایس نے گزشتہ سال ایم بی بی ایس کا نیا ماڈیولر نصاب متعارف کروایا ہے جس سے بیرون ملک پاکستانی ڈگری کی وقعت میں اضافہ ہوگا۔ مزید برآں نرسنگ، الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور پوسٹ گریجوایٹ پروگرامز کے نصابوں کو بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا گیا ہے۔