واسا ملتان کی نادہندگان کیخلاف کارروائیاں،50 لاکھ23 ہزار روپے وصول،165کمرشل اور گھریلو کنکشن منقطع

بدھ 15 مئی 2024 23:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری محمد دانش کی ہدایت پر سیوریج اور واٹر سپلائی بلوں کی ادائیگی نہ کرنے والے نادہندگان کیخلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ تمام ریکوری اور انجینئرنگ افسران کو سیوریج اور واٹر سپلائی ڈیفالٹرز کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر ڈسکنکشن مہم میں تیزی لانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

اس سلسلے میں بدھ کے روز کارکردگی کے جائزہ اجلاس کے دوران تمام سرکل انچارجز نے گزشتہ روز فیلڈ میں کی جانے والی سروے رپورٹ اور نادہندگان سے وصولی بارے رپورٹ پیش کی۔تمام کمرشل نادہندگان کے سیوریج،واٹر سپلائی کے کنکشن بلا امتیاز منقطع کرنے اور منقطع کیے جانے والے کنکشنوں کی سخت مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

(جاری ہے)

تمام سرکل انچارجز نے گزشتہ روز 50 لاکھ23 ہزار روپے کی وصولی،165کمرشل اور گھریلو نادہندگان کے کنکشن منقطع کرنے کی رپورٹ پیش کی۔

شعبہ ریکوری کی کارکردگی کا جائزہ ڈائریکٹر انجینئرنگ و ریکوری عبدالسلام نے لیا ۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹرز ریکوری محمد ارشد، عبد المجید، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور انسپکٹرز شریک تھے۔ انہوں نے شعبہ ریکوری کو سخت محنت کرنے اور مئی کے مہینے میں زیادہ سے زیادہ ریکوری کرنے کی ہدایات جاری کیں۔