چین اور روس کے تعلقات دونوں ممالک کے لئے نئے تاریخی مواقع پیدا کریں گے، چینی صدرر

جمعہ 17 مئی 2024 23:05

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) چینی صدر شی جن پھنگ نے آٹھویں چین - روس ایکسپو کے لیے تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔جمعہ کو اپنے پیغام میں شی جن پھنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں سے چین اور روس کے تعلقات نے درجہ بدرجہ ٹھوس پیش رفت کی ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام تعاون کے نتائج سے مستفید ہوئے ہیں۔ رواں سال چین-روس سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کا سال ہے۔

ایک نئے تاریخی نقطہ آغاز پر کھڑے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات نئے تاریخی مواقع پیدا کریں گے اور ترقی کے وسیع تر امکانات کو ظاہر کریں گے۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ برسوں کی کوششوں اور ترقی کے بعد ، چین روس ایکسپو ، دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کے فروغ کا ایک اہم پلیٹ فارم بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے تمام شعبے اس ایکسپو سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے مواقع کا تبادلہ کریں گے، مشترکہ طور پر چین اور روس کے درمیان مفید باہمی تعاون کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں گے اور نئے دور میں دونوں ممالک کے درمیان کوآرڈینیشن کی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی ترقی میں نئی جان ڈالیں گے۔

تعاون، باہمی اعتماد اور مواقع کے موضوع پر ہونے والی آٹھویں چین-روس ایکسپو 17 مئی کو صوبہ ہیلونگ جیانگ کے شہر ہربن میں شروع ہوئی۔

متعلقہ عنوان :