صوبائی حکومت لائیو سٹاک سیکٹر کو فروغ دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی،صوبائی وزیر لائیو سٹاک

ہفتہ 18 مئی 2024 00:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2024ء) صوبائی وزیر برائے لائیو سٹاک ، ڈیری اینڈ ڈویلپمنٹ بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت لائیو سٹاک سیکٹر کو فروغ دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے ، لائیو سٹاک سیکٹر ملک کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبے کے زیادہ تر لوگ اس شعبے سے بالواسطہ یا بلاواسطہ جڑے ہوئے ہیں جس کے فروغ اور ترقی کے لئے حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے ۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نوجوان ویٹرنری ڈاکٹروں کو بغیر سود کے قرضے فراہم کرتی ہے جس سے دور دراز علاقوں اور اپنے اضلاع میں نوجوان ڈاکٹرز پرائیویٹ ویٹرنری میڈیکل کلینک قائم کر سکیں گے جس سے ان کو پروقار روزگار ملے گا اور صوبے کے دہی علاقوں میں لائیو سٹاک کے شعبے کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر لائیواسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ یہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ صوبائی حکومت ینگ ویٹرنری ڈاکٹرز کو آسان قرضے فراہم کرے گی جس سے صوبے میں لائیو سٹاک شعبے سے وابستہ لوگوں کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے ہمارے صوبے کی چراگاہیں آباد ہوئی ہیں اس لئے دیہی علاقوں کے لوگوں کا رجحان مالداری اور زراعت کی طرف راغب ہو رہا ہے۔