آغوش الخدمت ڈیرہ کی نئی اور جدید عمارت کی تکمیل بارے اہم اجلاس

اتوار 17 مئی 2026 17:21

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2026ء) آغوش الخدمت ڈیرہ کی نئی اور جدید عمارت کی تکمیل اور یتیم بچوں کی وہاں منتقلی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا جنوبی اضلاع محمد جلال شاہ، سینئر منیجر آرفن کیئر پروگرام محمد نعمان، امیر ضلع منظر مسعود خٹک، صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈیرہ عبدالمتین خان بابڑ، چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی زاہد محب اللہ ایڈووکیٹ، چیئرمین کنسٹرکشن کمیٹی انجینئر احسان اللہ خان مروت، انجینئر محمد قاسم، ایڈمنسٹریٹر محمد یوسف، سائیٹ انجینئر توصیف اللہ، سینئر ایڈمن آفیسر وقار حیدر، ریسورس موبلائزیشن آفیسر فہیم اللہ اور کوآرڈینیٹر آرفن فیملی سپورٹ پروگرام طارق شاہ شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نئی عمارت میں یتیم بچوں کو جدید تعلیمی، رہائشی اور طبی سہولیات کی فراہمی، بچوں کی محفوظ منتقلی اور تعمیراتی کام کی رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے تعمیراتی معیار اور پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نئی عمارت کے جلد افتتاح کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے کہا کہ آغوش صرف ایک عمارت نہیں بلکہ یتیم بچوں کے محفوظ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے، جہاں انہیں بہتر تعلیم، رہائش اور پرورش کی سہولیات میسر ہوں گی۔ اجلاس میں مخیر حضرات سے اپیل کی گئی کہ وہ صدقات، زکو ۃاور عطیات کے ذریعے اس فلاحی منصوبے میں بھرپور تعاون کریں تاکہ یتیم بچوں کو ایک محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کیا جا سکے۔\378