وزیر مواصلات و تعمیرات خیبر پختونخوا کی زیر صدارت اجلاس، سیکرٹری نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی

منگل 9 جون 2026 17:05

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2026ء) وزیر مواصلات و تعمیرات خیبر پختونخوا شکیل خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا،جس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نورالامین نے محکمہ کے جاری ترقیاتی منصوبوں، ترقیاتی پورٹ فولیو، انتظامی امور اور مستقبل کی حکمت عملی سے متعلق بریفنگ دی۔تر جمان محکمہ مواصلات خیبرپختونخوا کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نورالامین، رکن قومی اسمبلی شیر علی ارباب، محکمہ کے تمام چیف انجینئرز اور دیگر اعلیٰ تکنیکی افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوامی ترقیاتی منصوبوں میں استعمال ہونے والے تعمیراتی مواد کی مستند اور معیاری ٹیسٹنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے میں سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے تمام منصوبوں میں استعمال ہونے والے میٹریل کی باقاعدہ لیبارٹری ٹیسٹنگ کو لازمی قرار دیا جائے اور مقررہ تکنیکی معیارات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

صوبائی وزیر نے تمام فیلڈ افسران بالخصوص سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئرز اور سب ڈویژنل افسران کو منصوبوں کی سائٹس کے باقاعدہ معائنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ کو مزید موثر بنایا جائے۔ انہوں نے چیف انجینئرز کو بھی ہدایت کی کہ ماتحت عملے کے فیلڈ وزٹس کی موثر نگرانی اور تصدیق کو یقینی بنایا جائے۔

صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ روڈ ایسیٹ مینجمنٹ سسٹم (RAMS) کو ترجیحی بنیادوں پر نافذ کیا جائے اور اس سلسلے میں جامع پالیسی مرتب کرکے جلد صوبائی حکومت کی منظوری کے لیے پیش کی جائے تاکہ سڑکوں کی تعمیر، بحالی اور دیکھ بھال کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔اجلاس میں محکمہ کے مختلف کیڈرز میں زیر التوا ترقیوں کے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ تمام پروموشن کیسز کو فوری طور پر نمٹایا جائے اور ملازمین کی بروقت پیشہ ورانہ ترقی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ادارہ جاتی کارکردگی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔انہوں نے شفافیت، جوابدہی، معیاری تعمیرات اور موثر منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ٹیم ورک اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبے میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنائیں۔