قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس میں جدید ٹیوٹوریل رومز اور لیپروسکوپک ٹرینر کا افتتاح

نئی سہولیات سے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کی تربیت اور مریضوں کی نگہداشت بہتر ہوگی

بدھ 8 جولائی 2026 20:30

پبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2026ء) قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس و نوشہرہ میڈیکل کالج ایم ٹی آئی میں جنرل میڈیسن اور جنرل سرجری سے متعلق شعبوں کے لیے جدید اکیڈمک ٹیوٹوریل رومز اور لیپروسکوپک اینڈو ٹرینر کا افتتاح کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق افتتاحی تقریب میں ڈین و چیف ایگزیکٹو آفیسر پروفیسر ڈاکٹر زاہد خان نے ایسوسی ایٹ ڈین پوسٹ گریجویٹ پروفیسر ڈاکٹر عبدالحنان کے ہمراہ نئی سہولیات کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر ہسپتال ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر حمزہ اللہ خان، میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سردار سہیل آفسر، فیکلٹی ممبران، کنسلٹنٹس اور پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر زاہد خان نے کہا کہ تعلیمی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیوٹوریل رومز اور لیپروسکوپک اینڈو ٹرینر کی فراہمی سے پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز کی عملی مہارت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور علمی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔

شرکا نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے نوشہرہ میڈیکل کالج ایم ٹی آئی میں طبی تعلیم، عملی تربیت اور پیشہ ورانہ ترقی کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔