نجی تعلیمی اداروں کے ذمہ داران ہائی کورٹ احکامات پر عمل درآمد یقینی ، ڈائریکٹر پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی

جمعہ 11 مئی 2018 12:58

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر یاسر حسن نے نجی تعلیمی اداروں کے متعلقہ ذمہ داران پر واضح کیا ہے کہ وہ پشاور ہائی کورٹ کی طرف سے جاری احکامات پر عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے اپنے اداروں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات سے موسم گرما کی چھٹیوں کی فیس نصف لیں، ایک سے زائد بہن بھائی کی صورت میں دوسرے کی فیس بھی نصف کریں، طلباء سے ایڈوانس فیس و پروموشن فیس کی صورت میں نہ لیں اور نہ ہی دیگر کسی قسم کے چارجز وصول کریں، ان ہدایات کا اطلاق نجی ادارے نومبر 2017ء سے کریں گے، اگر کوئی نجی ادارہ پشاور ہائی کورٹ اور ریگولیٹری اتھارٹی کی طرف سے جاری ہدایات کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو اسے تحویل میں لیکر اس کے اکائونٹس منجمد کر دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

یہ ہدایات انہوں نے جمعہ کو ہری پور کے نجی تعلیمی اداروں کے دورہ کے دوران سکولز مالکان اور پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک (پن) کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران جاری کیں۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر آپریشن شہناز خٹک اور دیگر بھی موجود تھے جبکہ نجی تعلیمی اداروں کے نمائندوں اور مالکان نے ریگولیٹری اتھارٹی کے حکام کو یقین دلایا کہ پشاور ہائی کورٹ اور ریگولیٹری اتھارٹی کی طرف سے جاری ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

ڈائریکٹر ریگولیٹری اتھارٹی یاسر حسن نے نجی تعلیمی اداروں کے مالکان کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ عدالت عالیہ اور ریگولیٹری کی طرف سے طلبہ اور والدین کو ریلیف فراہمی بارے جاری کی گئی ہدایات اپنے تعلیمی اداروں کے نوٹس بورڈز پر نمایاں طور پر آویزاں کریں تاکہ والدین و سرپرست آگاہ ہوں اور وضع شدہ ریلیف بھی حاصل کر سکیں۔

Browse Latest Health News in Urdu