Lomri Ki Aqalmandi - Pehla Hissa - Article No. 2366

Lomri Ki Aqalmandi - Pehla Hissa

لومڑی کی عقلمندی (پہلا حصہ) - تحریر نمبر 2366

بھیڑیا جانتا تھا کہ لومڑی بہت چالاک ہے،خود کو سنبھالتے ہوئے بولا،ہاں غصہ تو تھا پر وہ جنگل کی ملکا ہے،مجھ کمزور سے بھیڑیے پر وہ چڑھ دوڑے گی تمہاری تو بات ہی الگ ہے،تم اپنی عقلمندی سے اپنا کام کر آؤ گی

جمعرات 6 اکتوبر 2022

فائزہ شاہ
ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ ایک بے حد خوبصورت اور گھنا جنگل تھا،جہاں سارے جانور خوشی سے رہتے تھے۔فاختائیں امن کے گیت گاتی تھیں،کوئل اپنی سریلی آواز میں نغمے سناتیں،یوں کہہ لیں کہ سارے جانور مل جل کر محبت سے رہتے تھے،ان ہی میں ایک حسد و جلن کا مارا بھیڑیا بھی تھا،جسے جنگل کا سکون ایک آنکھ نہ بھاتا تھا۔
وہ چاہتا تھا کہ کسی طرح سے اس جنگل کا امن خراب کر دے،مگر وہ جنگل کے بادشاہ شیر سے ڈرتا بھی تھا۔ایک دن وہ شکار کی تلاش میں مارا مارا گھوم رہا تھا کہ اس کی نظر تالاب کے کنارے بیٹھی لومڑی پر پڑی۔اس کے قریب جا کر بھیڑیے نے گلا کھنکارا اور بولا،کیسی ہو بی لومڑی؟۔لومڑی نے چونک کر بھیڑیے کی جانب دیکھا اور چوکنا ہو کر بولی،خیریت ہے نا بھیڑیے بھائی؟بھیڑیا مسکین صورت بنا کر بولا،بس بہن نہ پوچھو۔

(جاری ہے)


لومڑی حیران ہو کر بولی،کیا ہوا پریشان لگ رہے ہو؟بھیڑیا غصے سے بولا،خیریت ہی تو نہیں ہے بہن،بی شیرنی زہر اگل رہی تھی تمہارے خلاف میرا تو غصے کے مارے برا حال ہو گیا۔لومڑی کچھ پریشان سی ہوئی،کیا بول رہی تھی شیرنی؟ارے بہن وہ کہہ رہی تھی کہ لومڑی کو اپنی ذہانت اور بہادری پر بہت ناز ہے بلاوجہ کا،ورنہ اس جیسا بے وقوف اور ڈر پوک تو کوئی جانور ہے ہی نہیں،اگر اتنی ہی چالاک اور عیار ہے لومڑی تو میرے بچے جو ابھی چند دنوں کے ہی ہے،انہیں کوئی نقصان پہنچا کر بتائے تو میں اس کی بہادری اور ذہانت کو مان لوں گی۔

لومڑی دل میں مسکرائی اور کھڑی ہو گئی،چلو پھر ساتھ میرے،شیرنی کے سامنے ہی بات کرتے ہیں اور تم دونوں کے سامنے ہی میں اس کے بچوں کو اپنا نوالہ بنا کر دکھاتی ہوں۔بھیڑیا کھسیانا سا ہوا اور بات بدلتے ہوئے بولا،ارے میری بہن،تم اکیلی ہی جاؤ،مجھے تو ڈر لگتا ہے اس کے غصے سے۔لومڑی،بھیڑیے کے اس تیزی سے رنگ بدلنے پر مسکرانے لگی اور بولی،ابھی تو تمہیں غصہ آرہا تھا شیرنی پر اب کیا ہوا بھیڑیے بھیا؟بھیڑیا جانتا تھا کہ لومڑی بہت چالاک ہے،خود کو سنبھالتے ہوئے بولا،ہاں غصہ تو تھا پر وہ جنگل کی ملکا ہے،مجھ کمزور سے بھیڑیے پر وہ چڑھ دوڑے گی تمہاری تو بات ہی الگ ہے،تم اپنی عقلمندی سے اپنا کام کر آؤ گی،اس لئے مجھے تو اس معاملے سے دور ہی رکھو۔
(جاری ہے)

Browse More Moral Stories