سلمان خان کے بہنوئی ہندو انتہا پسندوں کے خلاف پھٹ پڑے

میں شہرت کا بھوکا نہیں ہوں میرے لیے دوران فلم ملنے والی شہرت ہی بہت ہے، ایوش شرما

پیر 24 ستمبر 2018 12:25

سلمان خان کے بہنوئی ہندو انتہا پسندوں کے خلاف پھٹ پڑے
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) بالی ووڈ کے اداکار سلمان خان کے بہنوئی ایوش شرما اپنی ڈیبیو فلم ’لویاتری‘ کے نام پر اعتراض کرنے والے ہندو انتہا پسندوں کے خلاف پھٹ پڑے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایوش شرما نے ’لویاتری‘ کے نام پر اعتراض کے خلاف کہا کہ فلم بننے کی ابتداء سے ہمارا نظریہ بالکل واضح تھا کیوں کہ ہم ایسی فلم بنانا چاہتے تھے جو ہمیں بہت سے لوگوں سے جوڑ سکے لیکن اس کے باوجود غیر ضروری گفتگو اور اعتراض دیکھنے میں آئے۔

ایوش شرما نے کہا کہ میرے لیے تنازع کی وجہ سمجھنا مشکل ہورہا ہے کہ کیسے فلم کو دیکھے بغیر کوئی متنازع بناسکتا ہے جب کہ فلم میں ایسا کچھ نہیں ہے جو لوگوں کے جذبات کو مجروح کرسکے اور نہ فلم میں کوئی ذومعنی بات شامل ہے بلکہ فلم میں ثقافت کی بات کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اداکار نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ ہم کوئی بھی کامیابی تنازع کے ساتھ حاصل کریں، میں نہیں سمجھتا کہ تنازعات بڑھانا اور تناؤ میں اضافہ کرنا میرے لیے مناسب ہوگا کیوں کہ میں شہرت کا بھوکا نہیں ہوں، میرے لیے دوران فلم ملنے والی شہرت ہی بہت ہے۔

ایوش شرما نے مزید کہا کہ میں کسی کی توجہ حاصل کرنے کا خواہش مند نہیں اگر کسی کو پھر بھی کوئی مسئلہ ہے تو ہم نام تبدیل کر دیتے ہیں۔واضح رہے کہ سلمان خان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’لویاتری‘ میں اٴْن کے بہنوئی ایوش شرما اور ورینہ خان ڈیبیو کر رہے ہیں جوکہ 5 اکتوبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
وقت اشاعت : 24/09/2018 - 12:25:03

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :