بنگلہ دیش کی متنازع فلم آسکر اکیڈمی ایوارڈ کیلئے منتخب

فلم بالی ووڈ اداکار عرفان خان کی ہے جسے خود بنگلہ دیش میں پابندی کا سامنا ہے

پیر 24 ستمبر 2018 23:13

بنگلہ دیش کی متنازع فلم  آسکر اکیڈمی ایوارڈ کیلئے منتخب
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2018ء) بولی وڈ کے ورسٹائل ہیرو عرفان خان رواں برس مارچ سے نیورو اینڈو کرائن ٹیومر نامی بیماری میں مبتلا ہونے کی وجہ سے فلمی دنیا سے دور ہیں۔عرفان خان لندن میں زیر علاج ہیں، تاہم ان کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ ان کی بنگالی زبان کی متنازع اور خود بنگلا دیش میں پابندی کا سامنا کرنے والی فلم کو ہی بنگلا دیش کی آسکر اکیڈمی نے ایوارڈ کے لیے منتخب کیا ہے۔

خیال رہے کہ عرفان خان کی بنگالی زبان میں بننے والی فلم ڈوب: نو بیڈ آف روزز گزشتہ برس جون میں ریلیز ہوئی تھی۔اس فلم میں جہاں عرفان خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، وہیں وہ فلم کے شریک پروڈیوسر بھی تھے۔اس فلم کی ہدایات معروف بنگالی فلم ساز مصطفی سرور فاروقی نے دی ہیں، جب کہ فلم کی کہانی بھی انہوں نے ہی لکھی ہے۔

(جاری ہے)

فلم کی کہانی عرفان خان کے گرد گھومتی ہے، جنہوں نے فلم میں ایک لکھاری اور فلم ساز کا کردار ادا کیا ہے۔

بظاہر فلم میں دو خاندانوں کی کہانی کو دکھایا گیا ہے، تاہم ماضی میں مصطفی سرور فاروقی اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ اس کی کہانی ایک سچے واقعے سے متاثر ہوکر لکھی گئی۔انہوں نے بتایا کہ فلم کی کہانی بنگلا دیش کے بڑے اسکینڈل سے متاثر ہوکر بنائی گئی،تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ فلم کی کہانی بنگلادیش کے لکھاری اور فلم ساز ہمایوں احمد کی زندگی سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے۔

فلم میں عرفان خان نے جاوید حسن نامی ایک شخص کا کردار ادا کیا ہے جو بعد ازاں اپنی ہی نوجوان بیٹی کی دوست سے شادی کرتے ہیں۔بنگلا دیش کے لکھاری اور فلم ساز ہمایوں احمد نے بھی اپنی ہی نوجوان بیٹی کی دوست اور خود سے 33 سال کم عمر اداکارہ مہروز افروز شعون سے شادی کی تھی۔ہمایوں احمد نے کم عمر لڑکی سے شادی سے قبل 2003 میں اپنی پہلی اہلیہ کو طلاق دی تھی،جن سے ان کے تین بچے بھی تھے۔ہمایوں احمد نے 2005 میں مہر افروز سے شادی کی،جن سے انہیں 2 بچے بھی ہیں، فلم ساز 2012 میں چل بسے۔
وقت اشاعت : 24/09/2018 - 23:13:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :