ڈرامہ سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی آخری قسط کی نشریات روکنے کیلئے حکم امتناعی کی درخواست مسترد

جمعہ 24 جنوری 2020 17:24

ڈرامہ سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی آخری قسط کی نشریات روکنے کیلئے حکم امتناعی کی درخواست مسترد
لاہور۔24 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) لاہور کی سول عدالت نے ڈرامہ سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی آخری قسط کی نشریات روکنے کیلئے حکم امتناعی کی درخواست مسترد کردی۔سول عدالت کی جج نائلہ ایوب نے درخواست کی سماعت کی، ڈرامے کے ڈائریکٹر کی طرف سے میاں عرفان اکرم اور وقاص احمد عزیز ایڈووکیٹ عدالت میںپیش ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈرامہ کی آخری قسط 25 جنوری کو سینما گھروں میں دکھائی جانی ہے،’’میرے پاس تم ہو‘‘ ڈرامہ معاشرے کی اصلاح کیلئے ہے، ڈرامہ کا مقصد غیرت کے نام پر قتل کرنے کی حوصلہ شکنی ہے،قانون کے مطابق سول کورٹ اس معاملے کی سماعت نہیں کر سکتی، درخواست گزار کو اگر کوئی شکایت ہے تو متعلقہ فورم سے رجوع کرتے،جو قسط نشر ہی نہیں ہوئی اس کے متعلق درخواست قانون کے خلاف ہے، درخواست گزار ماہم کے وکیل نے کہا کہ ڈرامہ میں خواتین کی مسلسل تضحیک کی جا رہی ہے، ڈرامے میں عورت کو معاشرے میں کم تر دکھانے اور ان کے متعلق منفی رائے بنانے کی کوشش کی گئی، عدالت نے کہا کہ ڈرامے سے معاشرے پر برا اثر پڑنے کا امکان نہیں،سنسر بورڈ نے بھی ڈرامے کی نمائش کی اجازت دے دی ہے،درخواست گزار کا کیس اس موقع پر حکم امتناعی کا نہیں بنتا، جس پرعدالت نے حکم امتناعی کی درخواست مستردکردی۔

وقت اشاعت : 24/01/2020 - 17:24:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :