کورونا بحران کے دوران مدد کی پیشکش پرارجن کپورپاکستانیوں کے معترف

یہ ایسا وقت ہے جب لوگ سرحدوں کو اور ایک دو سال قبل کے سیاسی منظر نامے کو چھوڑ کر ایک دوسرے کے قریب آرہے ہیں

جمعہ 21 مئی 2021 13:08

کورونا بحران کے دوران مدد کی پیشکش پرارجن کپورپاکستانیوں کے معترف
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2021ء) بالی ووڈ اداکار ارجن کپور نے بھارت میں کورونا کی سنگین صورتحال کے دوران پاکستانیوں کی جانب سے مدد کی پیشکش پر پاکستان کی تعریف کی ہے۔حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اداکار ارجن کپور نے بھارت میں کورونا کی بدتر صورتحال کے دوران پاکستانیوں کی جانب سے بھارت کو پیش کی جانے والی مدد اور سپورٹ کی تعریف کی ہے۔

انہوں نے کہا آپ کو یہ فراموش نہیں کرنا چاہئے کہ کووڈ 19 بحران کے دوران پاکستانیوں کی جانب سے مدد کا ہاتھ بڑھایا گیا۔ وسیع تناظر میں آپ کو اس عمل کا احترام کرنا چاہئے۔ارجن کپور نے کہا یہ ایسا وقت ہے جب لوگ سرحدوں کو اور ایک دو سال قبل کے سیاسی منظر نامے کو چھوڑ کر ایک دوسرے کے قریب آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کرکٹ کے علاوہ بھی ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔

جب بات کرکٹ کی ہوتی ہے تو یہ دونوں ہی ایک صفحے پر نہیں ہوتے ورنہ دونوں ممالک کی ایک دوسرے کے ساتھ دوستی ہے۔ارجن کپور نے امید ظاہر کی کہ یہ دوستی مزید برقرار رہے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا حیرت ہے کس طرح فن اور ثقافت ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں کیونکہ ان کی حال ہی میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی فلم ’’سردار کا گرینڈ سن‘‘ کو پاکستانیوں کی جانب سے بے حد سپورٹ مل رہا ہے۔

ارجن کپور کا مزید کہنا تھا آج رکاوٹیں زیادہ ہیں لیکن مجھے امید ہے رکاوٹیں ختم ہوجائیں گی۔ میں بس امید اور دعا کرسکتا ہوں کہ دونوں ممالک کے درمیان جو فاصلہ اور خلا پیدا ہوگیا ہے وہ دور ہوجائے اور ہم امن کے ساتھ رہیں۔واضح رہے کہ ارجن کپور کی حال ہی میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی مزاحیہ فلم ’’سردار کا گرینڈ سن‘‘ کی کہانی میں پاکستان اور بھارت کے تاریخی تعلق کو دکھایا گیا ہے جس نے شائقین کے دلوں کو چھو لیا ہے۔ فلم میں ارجن کپور کے علاوہ راکول پریت سنگھ اور اداکارہ نینا گپتا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
وقت اشاعت : 21/05/2021 - 13:08:04

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :