بالی ووڈ اداکار ارجن کپور پاکستانیوں کے معترف

6 ماہ بعد چیزیں بہتر ہوجائیں گی ،کورونا بحران میں بڑھنے والے مددگار ہاتھوں کا احترام کیا جانا چاہئے ،اداکار

ہفتہ 22 مئی 2021 12:22

بالی ووڈ اداکار ارجن کپور پاکستانیوں کے معترف
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2021ء) عالمی وبا کورونا کی دوسری لہر کے دوران آکسیجن کی کمی اور بھارت میں بدترین صورتحال پر پاکستانیوں کی جانب سے تعاون کی پیشکش کے ارجن کپور بھی معترف ہوگئے۔بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران ارجن کپور نے پاک بھارت تعلقات سے متعلق گفتگو کی۔بالی ووڈ کیلئے پاکستان کے تعاون کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اکثریت بالی ووڈ کی معاون رہی ہے، وہاں ہماری فلموں کیلئے جوش وخروش، محبت اور غیر مشروط تعاون پایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ ماننے سے انکار کروں گا کہ فن سرحدوں کو عبور کرتے ہوئے لوگوں کو ایک دوسرے سے رابطے میں نہیں لاسکتا، آج لوگ یہ نہیں سوچتے کہ صورتحال کیا تھی، لوگ اس صورتحال سے نمٹ رہے ہیں، میں اس کا احترام کرتا ہوں اور مجھے امید ہے اس کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ارجن کپور نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 6 ماہ بعد چیزیں بہتر ہوجائیں گی لیکن آپ کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ کورونا بحران کے وقت کون سے مددگار ہاتھ آپ کی طرف بڑھے جن کا احترام کیا جانا چاہیے، یہ ایک ایسا وقت ہے جب جذبات گونج رہے ہیں اور لوگ اکٹھے ہورہے ہیں، جو بھی سیاسی منظر نامہ ایک یا دو سال قبل تھا اسے پس پشت ڈال رہے ہیں۔

اداکار نے کہا کہ کرکٹ کے علاوہ دونوں ممالک ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور امید ہے کہ اس دوستی کو مزید بڑھایا جائے گا۔
وقت اشاعت : 22/05/2021 - 12:22:46

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :