ایمی ایوارڈز‘ نائیجیریا کی اداکارہ ادوبا اورڈرامہ سیریز شرلوک کو مل گئے

پیر 18 اگست 2014 14:33

ایمی ایوارڈز‘ نائیجیریا کی اداکارہ ادوبا اورڈرامہ سیریز شرلوک کو مل گئے

لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اگست۔2014ء)امریکی ریاست لاس اینجلس میں تخلیقی آرٹس ایمی ایورڈز کی رنگا رنگ سالانہ تقریب میں اعزازات حاصل کرنے والوں میں ادکارہ اوزو ادوبا ، ٹیلی ویڑن کے میزبان جمی فالن اور بی بی سی کی ڈرامہ سیریز ، شرلوک شامل ہیں۔ عالمی میڈیا کے مطابق اس تقریب میں ٹی وی کے مہمان اداکاروں اور پس پردہ کام کرنے والے تخلیق کاروں کی صلاحیتوں کے اعتراف میں انھیں اعزازات سے نوازا جاتا ہے۔

جمی فالن کو مزاحیہ شو میں بہترین پیش کار کا ایوارڈ ملا۔ اداکارہ اوزو ادوبا ، کریزی آئیز نامی کامیڈی شو میں بہترین مہمان اداکارہ قرار پائیں۔ اعزاز پانے کے بعد انھوں نے انتہائی جذباتی انداز میں اپنی والدہ کا شکریہ ادا کیا جو ایک بہتر زندگی کی تلاش میں نائیجیریا سے امریکا آئیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے پروگرام کے تخلیق کار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ اوروں کو بھی اسی خوبصورت انداز میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔

ایک گرما گرم سیاسی ڈرامے کے ایک کردار پر جو مارٹن بہترین اداکار قرار پائے۔ اداکارہ ایلیسن جینی شو ٹائمز ماسٹرز آف سیکس میں مارگریٹ سکلی کا کردار خوبصورتی سے نبھانے پر اعزاز کی حق داربنیں۔ ایمی ایوارڈز کے ضوابط کے مطابق مہمان اداکار وہ ہوتے ہیں ، جو کسی بھی ڈرامے ، کامیڈی سیریل یا سیریز کے ہر شو میں شامل یا نمودار نہیں ہوتے۔ ایک سے زیادہ شعبوں میں ایوارڈز حاصل کرنے والی برطانوی ، شرلوک سیریز دوسرے نمبر پر رہی۔ اسے بہترین موسیقی، سنگل کیمرہ ایڈینگ اور ساؤنڈ ایڈیٹنگ پر بھی ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔ گیمز آف تھورنز ، ٹرو ڈیٹیکٹو ، خلائی دستاویزی پروگرام ، اے سپیس ٹائم اوڈیسی کو بھی ایوارڈز ملے ہیں۔

وقت اشاعت : 18/08/2014 - 14:33:02