فلم انڈسٹری کے ورسٹائل اداکار سلطان راہی کی ویں برسی پرسوں منائی جائیگی

برسی کی مرکزی تقریب ان کے صاحبزادے حیدر سلطان کی رہائشگاہ پر منعقد ہو گی

جمعہ 7 جنوری 2022 12:15

فلم انڈسٹری کے ورسٹائل اداکار سلطان راہی کی ویں برسی پرسوں منائی جائیگی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جنوری2022ء) پاکستان فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے ورسٹائل اور دبنگ اداکار سلطان راہی کی 25ویں برسی کل(اتوار)9جنوری کو منائی جائے گی ۔برسی کی مرکزی تقریب ان کے صاحبزادے حیدر سلطان کی رہائشگاہ پر منعقد ہو گی جس میں فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور ان کے پرستار شرکت کریں گے جبکہ ملک کے دیگر مقامات پر بھی ان کے پرستاروں کی جانب سے برسی کی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔

محمد سلطان المعروف سلطان راہی کا خاندان بھارت سے ہجرت کر کے پاکستان آیا اور کراچی منتقل ہو گیا ۔ابتدائی تعلیم کے ساتھ ساتھ انہوں نے مختلف اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کا آغاز بھی کر دیا اور پھر ان کا یہی شوق انہیں راولپنڈی سے لاہور لے گآیا جہاں انہوں نے فلموں میں ثانوی کردار ادا کرنے کے ساتھ اسٹیج ڈراموں میں بھی حصہ لینا شروع کر دیا۔

(جاری ہے)

سلطان راہی مرحوم نے نے اپنی فلمی کیریئر کا آغاز فلم باغی میں ایک معمولی سے کردار سے کیا تھا اس کے بعد وہ خاصے عرصے تک فلموں میں چھوٹے موٹے کردار ہی ادا کرتے رہے۔ 1971 میں فلم بابل میں انہیں ایک بدمعاش کا ثانوی ساکردار دیا گیا جس سے ان کی شہرت کا آغاز ہوا ۔ 1972 میں بطور ہیرو ان کی پہلی فلم بشیرا ریلیز ہوئی اس فلم نے انہیں بام عروج تک پہنچادیا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے وہ پاکستان کے فلمی صنعت کے سب سے مقبول اور سب سے مصروف اداکار بن گئے۔

سلطان راہی نے مجموعی طور پر 804فلموں میں کام کیا جن میں500سے زیادہ فلمیں پنجابی زبان میں اور 160فلمیں اردو زبان میں بنائی گئی تھیںجبکہ 50سے زیادہ فلمیں ڈبل ورژن تھیں۔ ان میں سے 430فلمیں ایسی تھیں جن کے ٹائٹل رول سلطان راہی نے ادا کئے تھے۔ ان کی مشہور فلموں میں بشیرا، شیر خان ،مولا جٹ، سالا صاحب، چند وریام،آخری جنگ ،شعلے ،راستے کا پتھر، ان داتا،خان چاچا ،گنڈاسہ ،شیر خان ،وریام،گجر دا ویر،سخی بادشاہ ، مولا جٹ،ملنگا،دھی رانی،رانی بیٹی راج کرے گی،گجر بادشاہ ،بابل،بابل صدقے تیرے ،آخری چٹان، سالا صاحب ،ببرک،بختاور،دوستی تے دشمنیکے نام سرفہرست ہیں۔

سلطان راہی مرحوم نے اپنے دور کی نامور ہیروئینوں آسیہ ، ممتاز، انجمن، نیلی، نادرہ، نجمہ، صائمہ اور گوری سمیت دیگر کے ہمراہ کام کیا۔اداکار مصطفی قریشی کے ہمراہ مرحوم کی جوڑی طویل عرصہ سپر ہٹ رہی۔وہ ایک مخیر شخص تھے اور انہوں نے اپنے ذاتی خرچ پر کئی مساجد بھی تعمیر کروائی تھیں۔ 9جنوری 1996 کو جب وہ اسلام آباد سے براستہ جی ٹی روڈ لاہور آرہے تھے تو گوجرانوالہ کے مقام پر انہیں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا اور آج تک ان کے قاتل گرفتار نہ ہو سکے ۔ وہ لاہور میں شاہ شمس قادری کے مزارکے احاطے میں آسودہ خاک ہیں۔
وقت اشاعت : 07/01/2022 - 12:15:05

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :