ویب سیریز "مسز اینڈ مسٹر شمیم -"میں نصرت فتح علی کی مقبول ترین قوالی "دل لگی " کے نئے ورژن نے دھوم مچادی

بدھ 16 مارچ 2022 22:13

ویب سیریز "مسز اینڈ مسٹر شمیم -"میں نصرت فتح علی کی مقبول ترین قوالی "دل لگی " کے نئے ورژن نے دھوم مچادی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2022ء) ویب سیریزکے لئے ا س نغمے کو دوبارہ نئے انداز میں ریکارڈ کرکے شامل کیا گیا ہے، جس میں وہی محبت اور درد ہے جو مسزاینڈ مسٹرشمیم کی کہانی میں نظر آتاہے۔11مارچ کو شروع ہونے والی ویب سیریز مسز اینڈ مسٹر شمیم کودنیا بھر سے چاہنے والوں اور تنقید کرنے والوںکی طرف سے تعریفی پیغامات موصول ہورہے ہیں۔

مرکزی کرداروں صبا قمر اور نعمان اعجازکی محبت کی اس منفرد کہانی کے چرچے ہر سو پھیل رہے ہیں۔ اس کے لطف کو دوبالا کرنے کیلئے زندگی نے اس میں کلاسیکل رنگ کے نغمے دل لگی کا اچھوتا خیال شامل کیا ہے۔ یہ کلاسیکل قوالی مرحوم استاد نصرت فتح علی نے گائی تھی جس کے نئے ورژن کو سمیع خان نے لکھا اورکمپوز کیا ہے اور ساحر علی بگّا، فریحہ پرویز، زین علی اور زوہیب علی کی آوازوں میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کی نئی دھن میں محبت کا جودرد موجود ہے وہ ان جذبات کی مکمل طورسے عکاسی کرتا ہے جو عمیمہ اور شمیم کے چہرے سے عیاں ہے۔کمپوزر اور نغمہ نگار سمیع خان نے اس گیت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا،"دل لگی ، لاکھوں دلوںکی دھڑکنوں میں شامل ہے۔ یہ سادہ لیکن خوبصورت الفاط جب موسیقی کے روپ میں ڈھلتے ہیں تو ایک جادوسا اثر ہوتا ہے۔ یہ خالص کلاسیکل رنگ ہے اور مجھے خوشی ہے کہ ہم ابھی بھی ایسے روح کو چھونے والے نغموں کو پسند کرتے ہیں ۔

ساحر، فریحہ، زین اور زوہیب بہت اعلیٰ فنکار ہین۔ انہوں نے گانے کی روح کو قائم رکھتے ہوئے اسے ایک نئی زندگی دی ہے۔"کاشف نثار اور مصباح شفیق کی پروڈکشن مسز اینڈ مسٹر شمیم ایک خالص بندھن کی منفرد لو اسٹوری ہے جو دودلوں کے درمیان دوستی سے رفتہ رفتہ محبت میں بدلتی جاتی ہے۔ زندگی اوریجنل ۔ مسز اینڈ مسٹر شمیم خصوصی طور پر ZEE5پر دکھائی جارہی ہے۔
وقت اشاعت : 16/03/2022 - 22:13:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :