سعودی سینما گھروں میں بھارتی ایکشن فلموں کی نمائش شروع

الصور العربیہ گروپ سعودی عرب کے سینما گھروں میں بھارت کی ایکشن فلمیں پیش کرے گا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 30 ستمبر 2022 11:50

سعودی سینما گھروں میں بھارتی ایکشن فلموں کی نمائش شروع
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 ستمبر 2022ء ) سعودی عرب کے سینما گھروں میں اب بھارت کی ایکشن فلمیں بھی پیش کی جائیں گی۔ اُردو نیوز نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ الصور العربیہ گروپ اس ہفتے سعودی عرب کے سینما گھروں میں بھارت کی ایکشن فلمیں پیش کرے گا، اس سلسلے میں پہلی فلم ’وکرم ودھا‘ 29 ستمبر کو پیش کی گئی، جس میں رتیک روشن، رادھیکا اور سیف علی خان جلوہ گر ہوئے، جب کہ دوسری فلم آج 30 ستمبر کو پیش کی جائے گی، جس کا نام Ponniyin Selvan ہے اور یہ بھارتی اور فلمی دنیا کے عالمی سٹارز پر مشتمل ہے، جن میں وکرم ، ایشوریہ رائے، جم ریفی اور کارتھی شامل ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ الصور العربیہ گروپ ای پلیٹ فارم کے ذریعے سیریل اور فلمیں تیار کرنے اور تقسیم کرنے کے حوالے سے مشہور ہے۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ سعودی عرب میں سینما گھروں کی دوبارہ بحالی کو اصلاحات پسند ولی عہد محمد بن سلمان کی جدت پسند ریاست کا ایک حصہ کہا گیا کیوں کہ تیل کی قیمتوں میں عدم استحکام اور معیشت پر اس کے اثرات کے باعث سعودی ولی عہد کی جانب سے اس طرح کی مختلف اصلاحات متعارف کروائی گئیں جب کہ اس سے قبل مملکت میں مذہبی حلقوں کی طرف سے سینما گھروں کو بے حیائی کے فروغ اور معاشرے کے لیے نامناسب سمجھا جاتا تھا ، جس کے باعث 1980ء کی دہائی میں اس پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

تاہم مملکت نے 4 سال قبل فلموں کی نمائش پر اپنی 35 سالہ طویل پابندی ہٹا دی تھی اور سعودی عرب میں پہلا سینما 18 اپریل 2018 کو ریاض میں کھلا اور آخری 2 سینما 19 اگست 2021 کو ریاض اور طائف میں کھولے گئے اور اب تک مملکت کے 13 میں سے 9 صوبوں میں سینما کھل چکے ہیں جن میں سے 21 ریاض ، 9 مکہ مکرمہ ریجن اور 8 مشرقی ریجن میں واقع ہیں ، مملکت بھر میں کھولے جانے والے ان سینماؤں کی مالک 5 کمپنیاں ہیں۔

سعودی عرب نے 35 برس کے بعد ملک میں سینما گھر کھولنے کی اجازت دیتے ہوئے پہلا لائسنس امریکی کمپنی اے ایم سی انٹرٹینمنٹ کو جاری کیا ، جس کے بعد 18 اپریل 2018 کو ریاض میں پہلے سینما گھر کی تقریب رونمائی ہوئی اور سینما کو عوام کے لیے کھولنے سے قبل آزمائشی طور پر کامیاب ترین فلم ’بلیک پینتھر‘ کی اسکریننگ بھی کی گئی تھی جس کے بعد مملکت میں سینما گھر کھلتے گئے اور 2019 میں سینما گھروں کی تعداد 12 تھی جو 2020 میں بڑھ کر 33 تک پہنچی اور اب 44 ہوگئی ہے۔
وقت اشاعت : 30/09/2022 - 11:50:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :