دانش کنیریا کی آفریدی کیخلاف طنزیہ ٹوئٹ، فہد مصطفیٰ میدان میں آگئے

منگل 27 دسمبر 2022 21:16

دانش کنیریا کی آفریدی کیخلاف طنزیہ ٹوئٹ، فہد مصطفیٰ میدان میں آگئے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 دسمبر2022ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق لیگ اسپنر دانش کنیریا کی قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کے خلاف طنزیہ ٹوئٹ کرنے پر اداکار فہدمصطفیٰ میدان میں آگئے۔گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے عبوری سلیکشن کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے عبوری سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا۔

شاہد آفریدی کو عبوری سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیے جانے پر دانش کنیریا نے طنز کرتے ہوئے 2010 میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچ میں آفریدی کی گیند چبانے کی تصویر اپ لوڈ کرتے ہوئے ہنسنے والے ایمو جی کے ساتھ'چیف سلیکٹر' لکھا۔واضح رہے کہ 2010 میں دورہ آسٹریلیا کے دوران ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کو فیلڈنگ کے دوران گیند کو دانتوں کے ساتھ چباتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

(جاری ہے)

آفریدی کے اس عمل پر ایکشن لیتے ہوئے آئی سی سی کی جانب سے بال ٹیمپرنگ کے الزام میں شاہد آفریدی پر 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کی پابندی لگائی گئی تھی۔تاہم دانش کنیریا کے طنزیہ ٹوئٹ پر جہاں سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا وہیں اداکار ومیزبان فہد مصطفیٰ بھی سابق کپتان کی حمایت میں بول پڑے۔فہد مصطفیٰ نے سوشل میڈیا پر آفریدی کے خلاف ٹوئٹ کرنے پر دانش کنیریا کو کراکرا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ'آفریدی آپ کی طرح فکسر نہیں ہیں '۔
وقت اشاعت : 27/12/2022 - 21:16:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :