مہیش بھٹ نے فلم ”خاموشیاں“ میں نئی لڑکی سپنا پبی متعارف کرا دی

سپنا اس فلم ”خاموشیاں “ میں میرا کے نام سے ایک پراسرار، سازشی اور مکار لڑکی کا کردار نبھا رہی ہیں جس میں کئی راز اور ایجنڈے چھپے ہوئے ہیں

اتوار 14 دسمبر 2014 14:41

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 14دسمبر 2014ء) بالی ووڈ کے مشہور فلمساز مہیش بھٹ ہمیشہ سے ہی اپنی فلموں میں نیا ٹیلنٹ متعارف کروانے میں شہرت رکھتے ہیں اور اپنی اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے انھوں نے آنے والی نئی فلم ”خاموشیاں “ میں بھی ایک نئی لڑکی کو متعارف کروایا ہے جس کا نام سپنا پبی ہے۔سپنا اس فلم ”خاموشیاں “ میں میرا کے نام سے ایک پراسرار، سازشی اور مکار لڑکی کا کردار نبھا رہی ہیں جس میں کئی راز اور ایجنڈے چھپے ہوئے ہیں۔

اس فلم کے جاری کردہ ٹریلر میں بھی سپنا پبی ایک نرالی لڑکی کا کردار نبھاتے ہوئے نظر آ ر ہی ہیں جو کسی پر بھی اعتبار نہیں کرتی۔ اپنی اس نئی تلاش سے متعلق مہیش بھٹ کا کہنا ہے کہ ”آپ وہ ہوتے ہیں جو کہ آپ چھپانے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں اور سپنا بالکل ویسی ہی اس فلم میں نظر آئیں گی۔

(جاری ہے)

وہ واقعی اپنے کردار میں شاندار نظر آرہی ہیں اور ایک مضبوط پرفارمر بھی ہے‘ سپنا نے فلم میں بہت متاثر کیا ہے جسے دیکھ کر لگے گا کہ کیسے اس خوبرو لڑکی نے اپنے پراسرار کردار کو کس خوبی سے نبھایا ہے جو اپنے اندر بہت سے راز چھپائے ہوئے ہے۔

میں اس بات کا شدت سے منتظر ہوں کے ناظرین اس لڑکی کو کس انداز سے دیکھتے ہیں‘ مجھے اس پر پورا بھروسا ہے اور مجھے یقین ہے کہ فلم انڈسٹری اور شائقین سپنا پبی کے کردار کو پسند کریں گے کیونکہ اس نے ”خاموشیاں “ میں اپنے کردار کو بہت خوبصورت انداز سے نبھایا ہے“۔ فلم 30 جنوری کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ اس فلم میں سپنا پبی کے ساتھ مرکزی کرداروں میں علی فضل اور گورمیت چوہدری شامل ہیں۔

لندن میں پیدا ہونے والی یہ ابھرتی ہوئی ماڈل اور اداکارہ سپنا پبی نے رواں برس ہی فلمی کیریئر کا آغاز کیا ہے اور ان دنوں وہ ”خاموشیاں “ کے ساتھ ایک اور فلم ”سترہ کو شادی ہے “ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہے۔ اس کے علاوہ سپنا پبی 2013 ء میں ٹی وی ڈراموں ”گھر آجا پردیسی“ اور ”24“ میں بھی کام کر چکی ہیں۔

وقت اشاعت : 14/12/2014 - 14:41:28

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :