غزہ صورتحال پرصدمے میں ہوں، خاموش رہنے پر معاف کیا جائے،بیلا حدید

دنیا کا فلسطین کو دہشت گرد قرار دینا افسوسناک ،انسانیت کے ساتھ کھڑی ہوں، امریکی ماڈل

جمعہ 27 اکتوبر 2023 20:35

غزہ صورتحال پرصدمے میں ہوں، خاموش رہنے پر معاف کیا جائے،بیلا حدید
نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2023ء) فلسطینی نژاد امریکی ماڈل بیلا حدید نے کہاہے کہ غزہ کی صورتحال پرصدمے میں ہوں، خاموش رہنے پر معاف کیا جائے، دنیا کا فلسطین کو دہشت گرد قرار دینا افسوسناک ہے،انسانیت کے ساتھ کھڑی ہوں۔ انسٹا گرام پر طویل پوسٹ میں بیلاحدید نے کہا کہ میری خاموشی کیلئے مجھے معاف کردیں، میں غزہ صورتحال دیکھ کر صدمے میں ہوں، گزشتہ کئی دہائیوں سے معصوم فلسطینیوں کی جانیں لی جارہی ہیں، میرے پاس کہنے کیلئے بہت کچھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں فضائی حملوں کے بعد کے حالات دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، ان تمام مائوں کیلئے غمزدہ ہوں جنہوں نے معصوم بچے کھودیئے ہیں اور ان بچوں کیلئے بھی دکھی ہوں جو یتیم ہوگئے ہیں جن کا پورا خاندان ختم ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں ان اسرائیلی خاندانوں کیلئے بھی دکھی ہوں جنہوں نے اس جنگ میں اپنے پیاروں کو کھودیا، میں کسی بھی شہری پر، کہیں بھی دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتی ہوں۔

انہوں نے کہاکہ کسی بھی بچے کو، کسی بھی جگہ کے لوگوں کو ان کے خاندان سے عارضی یا غیر معینہ مدت کیلئے نہیں چھیننا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو یہ سمجھنا ضروری ہے کہ فلسطینی ہونا کیسا ہے، ایسی زمین جو گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار ہے، جہاں قتل عام ہورہا ہے لیکن دنیا فلسطین کو ہی دہشت گرد قرار دیتی ہے جوغلط اور افسوسناک ہے۔

انہوں نے بتایاکہ میرا فون نمبر لیک ہو گیا تھا جس پر مجھے روزانہ قتل کی دھمکیاں ملتی ہیں، فلسطین کی حمایت پر مجھے ااور میرے خاندان کو خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے کہاکہ غزہ کی مدد ، معصوم فلسطینی شہریوں کی جانوں کی حفاظت کیلئے ہمیں عالمی رہنمائوں پر دبائو ڈالنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں انسانیت کے ساتھ کھڑی ہوں، امن اور تحفظ ہم سب کا ہے۔
وقت اشاعت : 27/10/2023 - 20:35:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :