کینیڈین دستاویزی فلم، مودی سے متعلق خطرناک انکشافات

دستاویزی فلم میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے وقت کی خصوصی ویڈیو بھی شامل کی گئی ہے،رپورٹ

منگل 12 مارچ 2024 14:43

کینیڈین دستاویزی فلم، مودی سے متعلق خطرناک انکشافات
ٹورنٹو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2024ء) کینیڈین دستاویزی فلم میں ہردیپ سنگھ نجر اور گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی ہدایت کا الزام بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر لگادیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق کینیڈین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کی ففتھ اسٹیٹ نامی تحقیقاتی دستاویزی فلم نشر کی گئی جس میں بھارتی وزیراعظم مودی سے متعلق خطرناک انکشافات کیے گئے ۔

دستاویزی فلم میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے وقت کی خصوصی ویڈیو بھی شامل کی گئی ہے۔ہردیپ سنگھ نجر کو 18 جون 2023 کو برٹش کولمبیا میں گوردوارہ کے دروازے پر قتل کیا گیا تھا، اس قتل میں مودی کے ملوث ہونے کے مضبوط شواہد پر کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کھل کر بھارت پر الزام لگایا تھا۔گرپتونت سنگھ پنوں کا کہنا تھا کہ مودی نے اجیت ڈوول کے مشورے پر بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سربراہ کو میرے بھی قتل کی ہدایت کی، کوئی شک نہیں کہ مودی نے ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

امریکا میں گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کا الزام بھارتی شہری نکھل گپتا پر لگایا گیا، فرد جرم کے مطابق نکھل نے قتل کی سازش کے لئے ایسے شخص سے مدد مانگی جو مخبر نکلا۔گرپتونت کے مطابق فرد جرم میں یہ الزام بھی سامنے آیا کہ جون میں کینیڈا میں 3 افراد کو قتل کرنے کا منصوبہ تھا، خالصتان کے قیام کے لئے قانونی طور پر دنیا بھر میں ریفرنڈم کا انعقاد کرارہے ہیں۔گرپتونت سنگھ پنوں نے بتایا کہ ہم چاہتے ہیں پنجاب کے عوام کو بھی ووٹ کا حق ملے، اسی لئے بھارت نے نجر کی جان لے لی۔دستاویزی فلم ففتھ اسٹیٹ میں کینیڈا میں مقیم دیگر سکھوں کے انٹرویوز بھی شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 12/03/2024 - 14:43:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :