طلاق کے بعد سابق شوہر کے ساتھ کام کرنے پر تنقید کی گئی، سلمیٰ حسن

بدھ 22 مئی 2024 22:26

لاہو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2024ء) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ سلمیٰ حسن کا کہنا ہے کہ طلاق کے بعد سابق شوہر اظفر علی کے ساتھ کام کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔اداکارہ سلمی حسن نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے مزاحیہ شو میں شرکت کی اور اس دوران انہوں نے شوبز کیریئر، نجی زندگی سے متعلق اظہار خیال کیا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ اظفر علی سے طلاق کے بعد ان کے ساتھ کام کرنے پر طرح طرح کی باتیں سننے کو ملی تھیں۔

سلمی حسن نے کہا کہ انہیں ایک تبصرہ سننے کو ملا کہ اظفر علی کے ساتھ کام کرکے شریعت کے خلاف کام کررہی ہیں، اگر میں اظفر علی کے ساتھ کام نہیں کروں گی تو کسی اور کے ساتھ کام کروں گی، پھر لوگ کہیں گے یہ بھی حرام ہے، میرا کام اداکاری کرنا ہے اور وہ کسی کے ساتھ بھی کرسکتی ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چاہتی ہوں کہ بیٹی فاطمہ کا والد کے ساتھ رشتہ مضبوط رہے اسی لیے میں بھی سابق شوہر کے آس پاس ہی رہتی ہوں۔

سلمی حسن نے کہا کہ جب دو لوگوں کے درمیان بچے شامل ہوجاتے ہیں تو ذاتی اختلافات کو ایک طرف رکھنا پڑتا ہے۔اداکارہ نے بتایا کہ وہ اسکول ٹیچر بھی رہ چکی ہیں، انہوں نے تاریخ میں ماسٹرز کیا ہوا ہے مگر اسکول میں وہ انگریزی اور سائنس پڑھاتی تھیں۔واضح رہے کہ سلمی حسن نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل مجھے پیار ہوا تھا میں ہانیہ عامر کی والدہ کا کردار نبھایا تھا، جس کی دیگر کاسٹ میں وہاج علی، زاویار نعمان، شہود علوی، جاوید شیخ، سبینا سید، رابعہ کلثوم، انجلین ملک ودیگر شامل تھے۔ڈرامے کی ہدایت کاری کے فرائض بدر محمود نے انجام دیے تھے جبکہ اس کی کہانی سدرہ سحر عمران نے لکھی تھی۔
وقت اشاعت : 22/05/2024 - 22:26:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :