پروین اکبر نے بیٹی رابعہ کلثوم کی اداکاری کے خلاف ہونے کی وجہ بتا دی

بیٹی سے کہا کہ پہلے پڑھائی مکمل کرو، پھر اداکاری کرنا،سینئر اداکارہ

ہفتہ 24 مئی 2025 19:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2025ء) سینئر اداکارہ پروین اکبر نے بیٹی رابعہ کلثوم کی اداکاری کے خلاف ہونے کی وجہ بتا دی۔حال ہی میں سینئر اداکارہ پروین اکبر نے بینش پرویز کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔ایک سوال کے جواب میں پروین اکبر نے بتایا کہ ان کے بچوں میں سب سے پہلے فیضان شیخ نے اداکار بننے کی خواہش ظاہر کی لیکن انہوں نے بیٹے کو یہ کہہ کر منع کر دیا کہ پہلے تعلیم مکمل کرو، پھر اداکاری کرنا۔

ان کے مطابق ان کی بیٹی رابعہ کلثوم کو بھی اداکاری کا شوق تھا لیکن انہیں بھی ابتدا میں اجازت نہیں ملی، رابعہ اس وقت دندان سازی کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں۔پروین اکبر نے بیٹی سے کہا کہ پہلے پڑھائی مکمل کرو، پھر اداکاری کرنا، رابعہ نے نہ صرف تعلیم مکمل کی بلکہ اپنا کلینک بھی کھول لیا.اداکارہ نے بتایا کہ جب رابعہ کلینک چلا رہی تھیں تو انہیں جیلی کے ایک اشتہار کی پیشکش ہوئی، جس پر انہیں کام کرنے کی اجازت دے دی گئی لیکن اس کے بعد مزید کام کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ کچھ عرصے بعد رابعہ کے لیے ایک رشتہ آیا اور اس کی شادی ہوگئی, شادی کے بعد بھی اسے ڈراموں کی آفرز ملتی رہیں اور چونکہ اس کے سسرال والے آزاد خیال تھے، اس لیے وہ بالآخر اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے میں کامیاب ہوگئیں۔پروین اکبر کے مطابق جب انہوں نے خود شوبز میں کیریئر کا آغاز کیا تھا، تب حالات کچھ ایسے تھے کہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ ان کی بیٹی بھی اس فیلڈ میں آئے، تاہم انہوں نے حالات کی وضاحت نہیں کی۔واضح رہے کہ پروین اکبر پاکستان کی مشہور اداکارہ ہیں اور اکثر ڈراموں میں ماں کے کردار میں نظر آتی ہیں, ان کے مقبول ڈراموں میں عشق جلیبی، حسرت، منت مراد اور یہ زندگی ہے شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 24/05/2025 - 19:46:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :