اصل زندگی میں بھی لو گرو ہوں، لوگوں کو محبت کے مشورے دیتا ہوں، ہمایوں سعید

منگل 3 جون 2025 20:46

اصل زندگی میں بھی لو گرو ہوں، لوگوں کو محبت کے مشورے دیتا ہوں، ہمایوں سعید
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2025ء) رومانٹک کامیڈی فلم لو گرو میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار ہمایوں سعید نے انکشاف کیا ہے کہ وہ نہ صرف فلم میں بلکہ اصل زندگی میں بھی لو گرو ہیں اور اکثر لوگوں کو عشق و محبت کے حوالے سے مشورے دیتے رہتے ہیں۔فلم کی پروموشن کے سلسلے میں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید نے وسیم بادامی کے پروگرام اے آر وائی پوڈکاسٹ میں شرکت کی۔

ہمایوں سعید نے ایک سوال پر وضاحت دی کہ گزشتہ دہائی میں انہوں نے کئی مرتبہ ماہرہ خان کو فلموں میں کام کرنے کی پیش کش کی، لیکن وہ ہر بار انکار کرتی رہیں۔ہمایوں سعید نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ماہرہ خان کو جوانی پھر نہیں آنی 2، پنجاب نہیں جاں گی اور لندن نہیں جاں گا جیسی فلموں میں کام کرنے کی آفر دی تھی، مگر ماہرہ نے ہر بار انکار کیا۔

(جاری ہے)

ماہرہ خان نے ان کی بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعی انہوں نے ان فلموں میں کام کرنے سے انکار کیا، کیونکہ انہیں مصالحہ دار اور کامیڈی فلموں میں کام کرنا پسند نہیں۔پاکستان میں فلمیں کم کیوں بنتی ہیں اس سوال کے جواب میں ہمایوں سعید نے کہا کہ فلم بنانا ایک بڑا پروجیکٹ ہوتا ہے، جس کے لیے بھاری سرمایہ درکار ہوتا ہے، فلم میکرز عموما یہی سوچتے ہیں کہ وہ فلم تب بنائیں گے جب کسی اور کی فلم اچھی چلے گی اور یہی رویہ فلم سازی کو محدود کرتا ہے۔

پروگرام کے دوران وسیم بادامی نے سوال کیا کہ ہمایوں سعید کے خیال میں لو گرو کون ہوتا ہی جس پر اداکار نے کہا کہ لو گرو ایک عام آدمی نہیں ہوتا، وہ لوگوں کو بتاتا ہے کہ محبت کیسے اور کب کرنی ہے یہی تصور فلم میں بھی دکھایا گیا ہے۔ہمایوں سعید نے اعتراف کیا کہ وہ حقیقی زندگی میں بھی لو گرو ہیں اور اگر کوئی محبت میں پھنس جائے تو وہ اسے مشورے دیتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ محبت کسی بھی عمر میں ہو سکتی ہے، اور کئی بار ہو سکتی ہے، لیکن ایک وقت میں صرف ایک سے محبت ہونی چاہیے، ورنہ وہ محبت نہیں، واردات کہلاتی ہے۔فلم لو گرو کے بارے میں ہمایوں سعید نے بتایا کہ یہ ایک رومانوی مزاحیہ فلم ہے جس میں رومانس زیادہ اور مزاح بھی شامل ہے، ان کے مطابق یہ فلم خواتین کو زیادہ پسند آئے گی اور اس کے گانے بھی بہت عمدہ ہیں۔اپنے اور ماہرہ خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ہمایوں نے کہا کہ انہوں نے ماہرہ خان کا مشہور ڈراما ہمسفر صرف دو اقساط تک دیکھا، مصروفیت کی وجہ سے مکمل نہ دیکھ سکے کیونکہ وہ عام طور پر ڈرامے نہیں دیکھتے، انہوں نے مزید کہا کہ اپنا بھی صرف ایک ڈراما دل لگی مکمل دیکھا ہے۔
وقت اشاعت : 03/06/2025 - 20:46:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :