اداکارہ حمیرا اصغر موت سے قبل کس کام میں مصروف تھیں؟

اداکارہ کی موت کی تحقیقات کرنے والی پولیس ٹیم کی جانب سے اہم انکشافات کر دیے گئے

بدھ 16 جولائی 2025 16:51

اداکارہ حمیرا اصغر موت سے قبل کس کام میں مصروف تھیں؟
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)تفتیشی حکام نے کہاہے کہ حمیرا اصغر کی موت سے قبل کپڑے دھونے کے شواہد ملے ہیں، جس کمرے سے لاش ملی اس کے واش روم کے ٹب میں کپڑے تھے ۔ دوران تفتیش اداکارہ کی جانب سے دو شناختی کارڈ استعمال کرنے کا بھی انکشاف ہواہے ،اصل اور ٹیمپرڈ شناختی کارڈ کی کاپیاں بھی منظرعام پر آئی ہیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق حمیرا اصغر کی جس کمرے میں لاش تھی وہاں بالکونی کا دروازہ کھلا ہوا تھا، اداکارہ کی لاش بیڈروم کے ساتھ والے کمرے میں موجود تھی۔حکام نے کہا کہ اداکارہ حمیرا اصغر کے فلیٹ سے یوٹیلیٹی بلز اور گھر کے کرائے کی مئی 2024 تک کی سلپ ملی ہے، ان کی موت 7 اکتوبر 2024 کو ہوئی جبکہ پڑوسیوں کو دسمبر 2024 میں فلیٹ سے بدبو محسوس ہوئی۔

(جاری ہے)

تفتیشی حکام نے کہاکہ فلیٹ کے مرکزی دروازے کو ڈبل لاک اندر سے لگایا گیا تھا۔اداکارہ کی موت کی تحقیقات کرنے والی پولیس ٹیم کی جانب سے یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ حمیرا اصغر 2 شناختی کارڈ استعمال کرتی تھیں، اداکارہ کے اصل اور ٹیمپرڈ شناختی کارڈ کی کاپیاں منظرعام پر آگئی ہیں۔پولیس کے مطابق حمیرا اصغر نے اصل شناختی کارڈ میں ٹیمپرنگ کرکے اپنی تاریخ پیدائش تبدیل کی اصل شناختی کارڈ میں حمیرا کی تاریخ پیدائش 10 اکتوبر 1983 درج ہے جبکہ ٹیمپرڈ شناختی کارڈ پر حمیرا اصغر کی تاریخ پیدائش 10 اکتوبر 1997 درج کی گئی ہے۔

اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایاکہ حمیرا اصغر دوسرا ٹیمپرڈ شناختی کارڈ کا استعمال شوبز کی فیلڈ میں کیا کرتی تھیں۔پولیس کو حمیرااصغر کا بینک کارڈ بھی مل گیا۔ تفتیشی ٹیم نے اداکارہ کی مالی پوزیشن معلوم کرنے کے لیے بینک حکام سے رابطہ کیا مگر اب تک متعلقہ بینک کی جانب سے کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔
وقت اشاعت : 16/07/2025 - 16:51:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :