زنانہ چال ڈھال کے سبب شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کرن جوہر

لوگ کہتے تھے میں لڑکوں جیسا نہیں ہوں یا میرا انداز مردانہ نہیں ہے،انٹرویو

ہفتہ 26 جولائی 2025 11:10

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)بالی وڈ کے معروف ہدایتکار اور پروڈیوسر کرن جوہر نے نوعمری میں زنانہ چال ڈھال کے سبب شدید مشکلات درپیش رہنے کا انکشاف کیا ہے۔بھارتی میڈیارپورٹس کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران ذاتی پہلو پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوںنے بتایا کہ بچپن اور نوجوانی کے دوران انہیں لوگوں کی نظروں میں قابل قبول بننے کیلئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، خاص طور پر اس وجہ سے کہ وہ اپنے ہم عمر بچوں سے مختلف تھے۔

کرن جوہر نے بتایا کہ مجھے کہا جاتا تھا کہ میری جتنی زنانہ چال ڈھال ہے، اتنی نہیں ہونی چاہیے، میری چال ڈھال مختلف تھی، میرے دوڑنے کا انداز مختلف تھا، میری بول چال اور میرے مشاغل سب الگ تھے۔انہوں نے بتایا کہ وہ ہمیشہ چاہتے تھے کہ وہ اپنی عمر کے بچوں کے درمیان گھل مل جائیں اور ان کا حصہ بنیں، خاص طور پر شام کے وقت جب اپارٹمنٹ بلاکس میں سب بچے کھیلنے کیلئے جمع ہوتے تھے۔

(جاری ہے)

پروڈیوسرنے کہاکہ میں فٹبال ٹیم کا حصہ بننا چاہتا تھا، لڑکوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنا چاہتا تھا، لیکن مجھے کبھی ٹیم میں چنا نہیں جاتا تھا کیونکہ ان کے مطابق میں اچھا کھلاڑی نہیں تھا، لوگ کہتے تھے میں لڑکوں جیسا نہیں ہوں یا میرا انداز مردانہ نہیں ہے۔کرن جوہر نے اعتراف کیاکہ ان کی نوجوانی کی ابتدائی خواہش صرف یہ تھی کہ انہیں قبول کیا جائے، انہیں اپنے ہم عمروں کی کسی ٹیم، کسی گروپ میں شامل ہونے کا احساس حاصل ہو۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت کوئی یہ نہیں کہتا تھا کہ تمہیں دوسروں جیسے ہونے کی ضرورت نہیں، تم اپنی الگ پہچان بنا سکتے ہو، وہ رہنمائی، وہ تربیت اور وہ زندگی کا نظریہ اس وقت مجھے نہیں ملا۔کرن جوہر نے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ میں صرف12سال کا تھا، جب میری والدہ میری حالت دیکھ کر پریشان ہوگئیں، انہوں نے مجھے بٹھا کر سمجھایا، میں اسکول تبدیل کرنا چاہتا تھا کیونکہ مجھے مسلسل تنگ کیا جا رہا تھا، چھیڑا جارہا تھا لیکن آخر کار میں نے اسکول نہیں بدلا اور دوبارہ اسی اسکول گیا۔
وقت اشاعت : 26/07/2025 - 11:10:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :