چاہتا ہوں میرا بالی وڈ میں ڈیبیو اداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ ہو، گلوکارثمرجعفری

نعمان اعجاز اور سویرا ندیم کے ساتھ کام کرنا ایک شاندار تجربہ رہا،دونوں اداکار بہت اچھے انسان ہیں

پیر 15 ستمبر 2025 11:22

چاہتا ہوں میرا بالی وڈ میں ڈیبیو اداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ ہو، گلوکارثمرجعفری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)ابھرتے ہوئے اداکار و گلوکار ثمر جعفری نے بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ اپنے بالی وڈ ڈیبیو اور فلم کی قسم کے بارے میں بتا دیا۔ثمر جعفری نے حال ہی میں یوٹیوب چینل نام فیضان میں شرکت کی اور اپنے پروفیشنل تجربات اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں کھل کر بات کی۔انہوں نے ڈراما سیریل پرورش میں کام کرنے کے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نعمان اعجاز اور سویرا ندیم کے ساتھ کام کرنا ایک شاندار تجربہ رہا۔

ان کے مطابق دونوں اداکار نہ صرف بہت اچھے انسان ہیں بلکہ ان کی اداکاری انتہائی قدرتی ہے اور ان کے ساتھ سین کرتے ہوئے محسوس ہی نہیں ہوتا کہ وہ اداکاری کر رہے ہیں۔اداکار نے بتایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کا بالی وڈ میں ڈیبیو بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالیہ بھٹ کے ساتھ وہ اسٹوڈنٹ آف دی ائیر 1 جیسی فلم کرنا پسند کریں گے کیونکہ انہیں کرن جوہر کی اس طرز کی فلمیں بہت پسند ہیں جن میں ہیرو کو کلاسیکی رومانوی انداز میں ہیرو کے طور پر دکھایا جاتا ہے۔

اداکار نے اپنے موسیقی کے شوق کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ انہیں اداکاری سے زیادہ موسیقی میں دلچسپی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کا خواب ہے کہ وہ دلجیت دوسانجھ اور پاکستانی میوزیکل بینڈ کاوش کے ساتھ گانا بنائیں، جس میں دلجیت دوسانجھ کے ساتھ خالص پنجابی گانا اور کاوش کے ساتھ ایک رومانوی گانا شامل ہوگا۔ثمر جعفری نے مزید کہا کہ اگر اداکاری کے حوالے سے انہیں کسی کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے تو وہ ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں، چاہے کردار کوئی بھی ہو، وہ پیچھے پردہ بھی صاف کردیں گے۔اداکار نے پاکستانی ڈراموں کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ وہ مشہور ڈراما سیریل میرے پاس تم ہو کے مداح ہیں اور یہ ان کا پسندیدہ پاکستانی ڈراما ہے۔
وقت اشاعت : 15/09/2025 - 11:22:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :