ٹیلر سوئفٹ کے عروسی لباس کا راز برقرار، برائیڈل فیشن برانڈز نے تیاری شروع کردی

بدھ 12 اگست 2026 19:56

ٹیلر سوئفٹ کے عروسی لباس کا راز برقرار، برائیڈل فیشن برانڈز نے تیاری شروع کردی
نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2026ء) عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے شادی کے لباس کی مکمل تفصیلات تاحال منظرعام پر نہیں آئیں، تاہم برائیڈل فیشن برانڈز نے ممکنہ طور پر ان کے لباس سے متاثر ہونے والی نئی ڈیزائنز کی تیاری شروع کردی ہے۔رائٹرز کے مطابق ٹیلر سوئفٹ نے 3 جولائی کو میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ہونے والی نجی تقریب میں کرسچن ڈائر کا لباس پہنا تھا، جس کی تصاویر اور تفصیلات سامنے آنے کا مداح بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

امریکا میں قریباً 200 اسٹورز رکھنے والے برائیڈل برانڈ ڈیوڈز برائیڈل کی ہانگ کانگ میں موجود ڈیزائن ٹیم نے سوئفٹ کے ممکنہ انداز کو مدنظر رکھتے ہوئے قریباً 2 درجن عروسی لباس کے خاکے تیار کرلیے ہیں۔ ان میں ہالی ووڈ گلیمر اور کمر سے نیچے نسبتاً ڈھیلے یا نمایاں ڈراپ ویسٹ ڈیزائنز پر توجہ دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

کمپنی کی چیف ایگزیکٹو کیلی کک کے مطابق سوئفٹ کے لباس کی مکمل تفصیلات سامنے آتے ہی برانڈ نئی ڈیزائنز تیزی سے مارکیٹ میں لانے کے لیے تیار ہے۔

کمپنی کی ویب سائٹ پر سوئفٹ سے متاثرہ لباس کی تلاش میں پہلے ہی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ڈیوڈز برائیڈل کی ڈیزائن سربراہ ویولا چان کے مطابق ٹیم نے سوئفٹ کے ذاتی انداز اور زندگی کا جائزہ لے کر تین طرح کے ڈیزائن تیار کیے ہیں، جن میں دیدہ زیب بال گاؤن، سادہ مگر منفرد تفصیلات والے لباس اور تقریب کے دوران لباس تبدیل کرنے کی صورت میں مختصر عروسی ملبوسات شامل ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سوئفٹ کے لباس کا رنگ، کپڑا، پھولوں کی سجاوٹ، لیس یا منفرد نقاب مستقبل کے عروسی فیشن کے رجحانات پر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔ بعض ڈیزائنرز کا خیال ہے کہ اگر لباس میں غیر روایتی رنگ یا دھاتی لیس استعمال ہوئی تو یہ بھی نئے فیشن ٹرینڈ کو جنم دے سکتی ہے۔بارسلونا میں قائم برائیڈل برانڈ ’پرونوویاس‘ نے بھی کہا ہے کہ وہ سوئفٹ کے لباس کے انداز، کپڑے اور مجموعی تاثر سے متاثر ہوکر اپنی آئندہ ڈیزائنز تیار کرسکتا ہے۔

تاہم فیشن ہاؤسز قانونی حدود کا بھی خیال رکھ رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق امریکی کاپی رائٹ قانون عام طور پر لباس کے بنیادی کٹ، شکل یا سلوٹ کو تحفظ نہیں دیتا، لیکن مخصوص کڑھائی، بیڈ ورک یا دیگر منفرد آرائشی عناصر قانونی تحفظ حاصل کرسکتے ہیں۔قانونی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی برانڈ سوئفٹ یا ڈائر کے ساتھ اپنے تعلق یا منظوری کا غلط تاثر دے تو ٹریڈ مارک اور غیر منصفانہ مسابقت سے متعلق قانونی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
وقت اشاعت : 12/08/2026 - 19:56:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :