منشیات برآمدگی کیس، رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع

جمعہ 18 اکتوبر 2019 16:10

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) لاہور کی انسداد منشیات عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر و رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15روز کی توسیع کرتے ہوئے 2 نومبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج خالد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر رانا ثناء اللہ کو سخت سکیورٹی میں عدالت پیش کیا گیا۔

اے این ایف پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ایک وکیل کی جانب سے موبائل فون کمرہ عدالت میں آن کر کے ریکارڈنگ کی جا رہی ہے، جس پر رانا ثناء اللہ کے وکیل نے کہا کہ یہ ریکارڈنگ کرنے والا وکیل ہمارے ساتھ نہیں ہے، یہ لوگ پراسیکیوشن کی طرف سے آئے ہیں، جج نے موبائل فون سے ریکارڈنگ کرنے والے شخص سے پوچھا کہ آپ کون ہیں ، موبائل فون سے ریکارڈنگ کرنے والے وکیل نے بتایا کہ میرا نام عمر گجر ایڈووکیٹ ہے اور میں رانا ثنا ء اللہ کے ساتھ ہوں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اے این ایف پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ ریکارڈنگ کر کے ڈبنگ کرتے ہیں اور حقائق کو مسخ کرتے ہیں، جس پر جج نے کہا کہ کمرہ عدالت میں ریکارڈنگ نہ کریں ورنہ حکم دیں گے کہ عدالت میں 5 سے زیادہ بندے نہ ہوں۔فریقین کے دلائل کے بعد عدالت نے رانا ثناء اللہ اور تفتیشی افسر کو موبائل فون ڈیٹا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 نومبر تک توسیع کردی۔

Browse Latest Weather News in Urdu