دوحہ حکومت یمن کے حل کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے، شیخ خالد بن احمد آل خلیفہ

قطر یمن میں جو کھیل کھیل رہا ہے وہ ہر گز کامیاب نہیں ہو گا ،یمنی عوام قطر کے کردار اور ایرانی مداخلت پر فتح حاصل کریں گے، بحرینی وزیر خارجہ بحرین نے ایران سے آنے والا جو اسلحہ اور گولہ بارود ضبط کیا وہ دارالحکومت منامہ کے آدھے حصے کو تباہ کرنے کیلئے کافی تھا، انٹرویو

جمعہ 18 اکتوبر 2019 19:09

مناما(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد آل خلیفہ نے کہا ہے کہ دوحہ حکومت یمن کے حل کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے، قطر یمن میں جو کھیل کھیل رہا ہے وہ ہر گز کامیاب نہیں ہو گا ،آخرکار یمنی عوام قطر کے کردار اور ایرانی مداخلت پر فتح حاصل کریں گے۔غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد آل خلیفہ نے کہا کہ یمنی حکومت اور جنوبی کونسل کے درمیان سمجھوتے کے حوالے سے پیشرفت آگے کی جانب بڑھنے کیلئے بہت اہمیت کی حامل ہے اور یمن میں استحکام کے مستقبل پر اس کے مثبت اثرات ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دوحہ حکومت یمن کے حل کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے، قطر یمن میں جو کھیل کھیل رہا ہے وہ ہر گز کامیاب نہیں ہو گا کیوں کہ آخرکار یمنی عوام قطر کے کردار اور ایرانی مداخلت پر فتح حاصل کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قطر نہ صرف یمن میں بلکہ لیبیا، تیونس، عراق اور خلیجی ممالک میں بہت سے امور میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحرین نے ایران سے آنے والا جو اسلحہ اور گولہ بارود ضبط کیا وہ دارالحکومت منامہ کے آدھے حصے کو تباہ کرنے کیلئے کافی تھا۔

انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ ایران امن و سلامتی اور اچھے پڑوسی ہونے کا پیغام بھیجے ، اگر اس نے ایسا نہ کیا تو تمام تر ذمے داری تہران پر عائد ہو گی۔آل خلیفہ نے روسی صدر ولادی میر پوتین کے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دوروں کو نہایت اہم قرار دیا اور شمالی شام میں ترکی کی عسکری مداخلت کی مذمت کرتے ہوئے انقرہ سے مطالبہ کیا کہ وہ شام کی خود مختاری اور اس کی اراضی کا احترام کرے۔ انہوں نے کہا کہ بحرین نے شام میں جنگ شروع ہونے کے بعد ان تمام سالوں میں دمشق میں بحرین کا سفارت خانہ کھلا رہا مگر وہاں سفارت کار نہیں تھے ، صرف مقامی اہل کار موجود رہے تاہم اب منامہ نے اپنا ایک ناظم الامور دمشق بھیجا ہے۔

Browse Latest Weather News in Urdu