محکمہ ایکسائز سندھ نے مئی 2020 تک 68941 ملین روپے سے زائد ٹیکس وصول کرلیا،مکیش کمار چالہ

جائیداد ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس، موٹر وہیکل ٹیکس اور انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی میں 25 فیصد رعایت دی ہے،وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ

ہفتہ 6 جون 2020 16:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2020ء) صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ نے بتایا ہے کہ محکمہ ایکسائز سندھ نے رواں مالی سال میں جولائی 2019 سے اپریل مئی تک مجموعی طور 68941.794 ملین روپے ٹیکس وصول کیا ہے۔ انہوں نے مذید بتایا کہ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 5416.907 ملین روپے، انفراسٹرکچر سیس کی مد میں 56811.278 ملین روپے اور پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 512.770 ملین روپے وصول کئے گئے جبکہ کاٹن فیس کی مد میں 203.482 ملین روپے، جائیداد ٹیکس کی مد میں 1822.619 ملین روپے ، انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں 60.177 ملین روپے اور باقی رقم دیگر ٹیکسز کی مد میں وصول کی گئی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈان کے باعث محکمہ ایکسائز سندھ کے دفاتر 21مارچ سے 2 جون تک بند تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر مکیش کمار چالہ نے کہا کہ حکومت سندھ نے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے جائیداد ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس، موٹر وہیکل ٹیکس اور انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی میں 25 فیصد رعایت دی ہے اور محکمہ ایکسائز سندھ نے ٹیکس جمع کروانے والوں کی سہولت کے لئے آن لائن مینجمنٹ سسٹم متعارف کروا دیا۔

انہوں نے کہا کہ آن لائن مینجمنٹ سسٹم کورونا وائرس سے تحفظ فراہم کرنے کے لئے متعارف کروایا گیا ہے۔ وزیر ایکسائز سندھ مکیش کمار چالہ کے مطابق اس سسٹم کے تحت گاڑی کی رجسٹریشن، ٹرانسفر اور دیگر ٹیکسز جمع کراوئے جاسکتے ہیں۔ٹیکس جمع کروانے کے خواہشمند محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ http://taxportal.excise.gos.pk پر جا کر اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے ٹیکس جمع کروانے کے خواہشمند افراد سے درخواست کی کہ وہ فوری طور پر آن لائن مینجمنٹ سسٹم سے فائدہ اٹھائیں۔

Browse Latest Weather News in Urdu