کپاس کے کاشتکاروں کو پہلی آبپاشی بیجائی کے 30سے 35دن بعد کرنے کی ہدایت

منگل 19 اپریل 2022 14:02

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2022ء) قطاروں میں اور پٹڑیوں پر کپاس کاشت کرنے والے زمینداروں و کاشتکاروں کو آبپاشیوں کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ قطاروں میں کپاس کاشت کرنے والے کسان پہلی آبپاشی بیجائی کے 30 سے 35دن کے بعد کریں اور باقی آبپاشیاں 12 سے 15 دن کے وقفے سے جاری رکھیں تاہم اگر کپاس کے بعد گندم کاشت کرنی مقصود ہو تو آخری آبپاشی 10اکتوبر تک مکمل کر لیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت(توسیع) فیصل آبادنے اے پی پی سے بات چیت کے دوران بتایا کہ پٹڑیوں پر کاشت کی صورت میں کاشتکار پہلی آبپاشی بجائی کے 3سے 4دن بعد اور دوسری آبپاشی 6سے9دن کے وقفہ سے کریں تاہم اس کے بعد بقیہ پانی کاوقفہ 15روز کر دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کپاس کے بعد گندم کاشت کرنی مطلوب ہو تو پٹڑیوں پر کپاس کی کاشت کی صورت میں آخری پانی 15اکتوبر تک لگانا ضروری ہے تاہم ماہرین زراعت کی مشاورت اور محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی ہدایات کی روشنی میں موسم کے مطابق آبپاشی کے وقفہ میں رد وبدل کیاجاسکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آبپاشی زمین کی ذرخیزی، طریقہ کاشت، قسم، فصل کی حالت اور موسم کو مد نظر رکھ کر کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ پانی کی کمی کی علامات کھیت کے نسبتاً اونچے حصے پر پہلے واضح ہوتی ہیں جس میں پتوں کا رنگ نیلگوں ہونا، اوپر والی شاخوں کے درمیان لمبائی میں کمی، سفید پھول کاچوٹی پر آنا، تنے کے اوپر کا حصہ تیزی سے سرخ ہونا اور چوٹی کے پتوں کا کھردرا ہونا شامل ہے۔ انہوں نے بتایاکہ فصل پر ایسی علامات کے ظاہر ہونے سے پہلے آبپاشی یقینی بنانی چاہیے تاکہ فصل کو نقصان نہ ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu