ایٹمی ہتھیاروں سے لیس شمالی کوریا کو قبول نہیں‌کریں گے، اسے بہتر مستقبل یا جوہری ہتھیاروں‌میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہو گا ، امریکا کااعلان

جمعرات 5 اکتوبر 2006 13:04

واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین05اکتوبر2006) امریکہ نے کہا ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیاروں سے لیس شمالی کوریا کو کسی صورت قبول نہیں‌کرے گا اور اسے اپنے اچھے مستقبل یا ایٹمی ہتھیاروں‌میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہو گا ۔ دوسری جانب شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ اس کا ایٹمی دھماکے کرنےکا اعلان دھمکی نہیں حقیقت ہے ۔امریکی نائب وزیرخارجہ کرسٹوفر ہل نے کہا کہ امریکہ شمالی کوریا کو کسی بھی صورت میں جوہری ہتھیاروں کے ساتھ قبول نہیں‌کرے گا ۔

انہوں‌نے کہا کہ شمالی کوریا کو ایٹمی ہتھیار یا اپنے بہتر مستقبل میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہو گا لیکن وہ دونوں ایک ساتھ نہیں رکھ سکتا ہے تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں‌کیا کہ اگر شمالی کوریا نے ایٹمی تجربات کئے تو اس کے خلاف کیا کارروائی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ امریکی انٹیلی جنس نے شمالی کوریا کے ایسے ممکنہ مقامات کی تلاش شروع کر دی ہے جہاں شمالی کوریا جوہری دھماکے کر سکتا ہے۔

جبکہ سفارتی کوششوں کے حوالے سے امریکی وزیر خارجہ کونڈو لیزا رائس اور نائب وزیر خارجہ نکولس برنس نے ایشیا اور یورپ میں سفارتی سرگرمیوں شروع کر دی ہیں ۔ امریکی ترجمان ٹام کیسی کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد پیانگ یانگ کو خبردارکرنا ہے کہ وہ جوہری دھماکوں سے باز رہے۔ جاپان میں شمالی کوریا کے حامی ایک اخبار نے اپنے رپورٹ میں بتایا ہے کہ شمالی کوریا کا ایٹمی پروگرام کوئی دھمکی نہیں بلکہ حقیقت پر مبنی ہے ۔دوسری جانب شمالی کوریا کی جانب سے جوہری تجربات کے اعلانات اور امریکی دھمکیوں کے بعد شمالی کوریا کے رہنما کیم جونگ منظر عام سے غائب ہو گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :