وزارت صحت نے ہیپاٹائٹس بی کے خاتمے کیلئے استعمال کی جانے والی ویکسین کو مضر صحت قرار دینے کے الزامات کو مسترد کر دیا

پیر 28 مئی 2007 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مئی۔2007ء) وزارت صحت نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے ہیپاٹائٹس بی کے خاتمے کیلئے استعمال کی جانے والی ویکسین کو مضر صحت قرار ینے والے الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویوکس بی نامی ویکسین استعمال کرنے سے جو ویتنام، فلپائن اور بنگلہ دیش میں استعمال کرنے سے انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں ان کا پاکستان میں استعمال ہونے والی ویکسین سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ جو ویکسین یہاں استعمال کی جا رہی ہے وہ اس بیچ کی نہیں ہے جو ان متاثرہ ممالک میں استعمال کی گئی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پی ایم اے کے الزامات بے بنیاد ہیں کیونکہ عالمی ادارہ صحت کو جب اس ویکسین کے استعمال سے ہونے والی اموات کا پتہ لگا تو عالمی ادارہ صحت نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں واضح طور پر کہا تھا کہ اس ویکسین پر عارضی طور پر پابندی لگائی جاتی ہے لیکن اس ویکسین کے استعمال سے ہونے والی اموات کے بارے میں ٹھوس شواہد نہیں ملے اس کی وجہ سے یونیسیف اس کی سپلائی تمام ممالک کو جاری رکھے گا اس کے علاوہ اس معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ کیا جو اموات واقع ہوئی ہیں وہ ویکسین کے استعمال سے ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان ممالک میں جب یہ واقعات سامنے آئے تو وزارت صحت نے اس کو چیک کیا کہ جو ویکسین پاکستان میں استعمال ہوئی ہے کیا وہ اس بیچ کی ہے یا نہیں اور تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ ویکسین وزیر اعظم کے پروگرام برائے تدارک و کنٹرول ہیپاٹائٹس میں استعمال کی جانے والی ویکسین صحیح ہے اور اس کے مذکورہ نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔