3 نومبر کے اقدماات واپس لئے بغیر ایمرجنسی کا خاتمہ بے کار ہے ۔قاضی حسین

ہفتہ 8 دسمبر 2007 20:57

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 08 دسمبر2007 ) ایم ایم اے کے مرکزی صدر قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ تین نومبر کے اقدامات کو واپس لئے بغیر ایمرجنسی اٹھانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ قاضی حسین احمد نے نواز شریف سے رائے ونڈمیں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قاضی حسین احمد اور نواز شریف نے کہا کہ اے پی ڈی ایم کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

میاں نواز شریف نے کہا کہ قاضی حسین احمد کے ساتھ چارٹر آف ڈیمانڈ اور پیپلز پارٹی کے ساتھ اختلافات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بینظیر کے ساتھ میٹنگز میں چارٹر آف ڈیمانڈ پر اتفاق کے بعد الیکشن کے بائی کاٹ کی تاریخ دینے کا فیصلہ ہوا تھا لیکن کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔ نواز شریف نے کہا کہ عدلیہ کی بحالی سولہ کروڑ عوام کی جنگ ہے وہ عدلیہ کی یہ جنگ ہر صورت یں جیتنا چاہتے ہیں قاضی حسین احمد نے کہا کہ وہ عدلیہ کی 3 نومبر سے پہلے والی پوزیشن پر حال کے مطالبے پر قائم ہیں کیونکہ اگر تین نومبر کے اقدامات کو واپس نہیں لیا جاتا تو ایمرجنسی اٹھانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں قاضی حسین احمد نے کہا کہ انتخابات کے بارے میں اختلافات کے باوجود ایم ایم اے قائم رہے گی۔