الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کی تاریخ میں توسیع کردی ، اٹھارہ جون کو پولنگ کا اعلان

جمعرات 17 اپریل 2008 14:27

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین17اپریل 2008 ) الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کی تاریخ میں توسیع کردی ہے اور اٹھارہ جون کو پولنگ کرانے کا اعلان کیا ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور محمد دلشاد نے بتایا ہے کہ ملک میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس جاری ہیں جن کی وجہ سے سیاسی جماعتیں انتخابی عمل پر مکمل توجہ نہیں دے سکتیں۔ اس وجہ سے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ قاضی محمد فاروق نے ضمنی انتخابات میں پندرہ روز کی توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

کنور دلشاد نے مزید کہاکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی اڑتیس نشستوں کے لئے کاغذات نامزدگی چھ مئی تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ سات سے تیرہ مئی تک کاغذات کی جانچ پڑتال ہو گی ۔کاغذات نامزدگی کے منظور یا نا منظور ہونے کے خلاف اپیلیں سترہ مئی تک داخل کرائی جا سکیں گی ۔ ان اپیلوں پر فیصلے چوبیس مئی تک ہوں گے۔ امیدواروں کی طرف سے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ چھبیس مئی مقرر کی گئی ہے ۔ امیدواروں کی حتمی فہرست بھی چھبیس مئی کو جاری کر دی جائے گی اور پولنگ اٹھارہ جون کو ہو گی۔

متعلقہ عنوان :