گوندا نے آٹھ کلو گرام وزن کم کر لیا ،وزن کی کمی کے بعد خود کو زیادہ متحرک اور چست محسوس کر رہا ہوں، صحافیوں سے بات چیت

پیر 21 اپریل 2008 12:26

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اپریل۔2008ء) بالی وڈ کے ستارے گویندا حال ہی میں بنکاک سے فلم ’لوٹ، کی شوٹنگ مکمل کروا کر واپس ممبئی لوٹے ہیں اوراس بار ان کی واپسی پر ایک بڑی تبدیلی محسوس کی گئی ۔ انہوں نے اپنا وزن آٹھ کلو گرام کم کر لیا ہے اور یہ سب فلم میں ان کے ساتھ موجود اداکار سنیل شیٹھی کا کمال ہے ۔ممبئی واپسی پر گوندا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انہوں نے آٹھ کلو وزن کم کیا ہے اور اس کے لیے وہ سنیل شیٹھی کے شکر گزار ہیں کیونکہ انہوں نے بنکاک کے ٹور کے دوران ان کا خیال رکھااور ان کے لیے خصوصی طور ہر تیل سے پاک کھانے بنوائے ۔

گویندا نے بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے مخصوص کھانے بنانے کی ذمہ داری سنیل کے کزن کی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ وزن کی کمی کے بعد وہ خود کو زیادہ متحرک اور چست محسوس کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بات یہیں ختم نہیں ہوئی گویندا نے پہلی بار’لوٹ ، کے لئے اسٹنٹ خود ہی پرفارم کیا ۔اسٹنٹ میں انہیں عمارت کے بیسویں سے سترویں فلور پر رسی کے ذریعے جانا تھا۔گویندا نے بتایا کہ اسٹنٹ بہت مشکل تھا اوران کیلئے ناممکن تھا کہ لیکن سنیل کی ہمت افزائی پرانہوں نے وہ اسٹنٹ خود ہی کیا۔

انہوں نے کہاکہ اب تک لوگ انہیں مزاح اور ڈانس کی وجہ سے جانتے تھے لیکن اب لوگ انہیں ایکشن کے حوالے سے بھی یاد رکھیں گے ۔ بنکاک میں سنیل شیٹھی نے صرف گویندا کا وزن کم کرنے میں مدد نہیں دی بلکہ انہوں نے نئے اداکار میوہ چکربورتی کو بھی اٹھارہ کلو وزن کم کرنے میں ان کی مددکی۔