پولیس حکام تفتیش کا معیار مزید بہتر بنانے کے لئے اپنی صلاحیتیوں کو بروئے کار لائیں,آئی جی سرحد

جمعہ 2 مئی 2008 15:24

پشاور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین02مئی2008 ) انسپکٹر جنرل آف پولیس صوبہ سرحد ملک محمد نوید خان نے پولیس حکام پر زور دیا کہ وہ تفتیش کا معیار مزید بہتر بنانے کے لئے اپنی صلاحیتیوں کو بروئے کار لائیں کیونکہ بہترین پولیسنگ میں اچھی اور معیاری تفتیش کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے ۔یہ ہدایت اُنہوں نے پولیس لائن پشاور میں پولیس حکام کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

جس میں سی سی پی او پشاور عطاء للہ وزیر ، ایس ایس پی انوسٹی گیشن غلام محمد خان ، ایس پی کیمپس اعجاز خان، ایس پی کینٹ عمران شاہد، ، اے ایس پی ٹاون، حسن اسد علوی، اور انسپکٹر نثار محمد نے شرکت کی۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعدد تجاویز پر غور و حوض بھی ہوا ۔

(جاری ہے)

آئی جی پی نے کیسوں کی تفتیش کے سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا اُنہوں نے اپنی اس رائے کا اظہار کیا کہ بہتر تفتیش جرائم کے خلاف موثر ثابت ہوگی۔

آئی جی پی نے اس موقع پر ہدایت کی کہ وہ اخبارات میں اشتہار دیکر کنٹریکٹ کی بنیاد پر سراغ رسان کتوں کی خدمات حاصل کی جائیں جس کے لئے خواہشمند پارٹیوں کو آرمی ڈاگ سنٹر سے تصدیق کرانا لازمی ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ صرف آرمی ڈاگ سنٹر سے تصدیق شدہ کتے کنٹریکٹ کی بنیاد پر پولیس سراغ رسانی کے مقاصد کے لئے استعمال کرے گی اُنہوں نے کہا کہ ان کو اُنکی کارکردگی کے لحاظ سے انعامات بھی دئیے جائیں گے۔

آئی جی پی نے ہدایت کی کہ دستیاب تفتیشی سٹاف کو فنگر پرنٹ اٹھانے کی تربیت دی جائے اور اس سلسلے میں اُنہیں درکار وسائل جس میں یو وی کیمرہ شامل ہیں بھی مہیا کیا جائے۔ اُنہوں نے اس سلسلے میں نادرا حکام کی خدمات کو بھی حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ آئی جی پی نے بڑھتی ہوئی اغوابرائے تاوان کی وارداتوں کا بھی نوٹس لیا اور اغوا کنندگان کا سراغ لگانے اور اس مقصد کے لئے آپریشن شروع کرنے اور اغواشدہ لوگوں کی فوری بازیابی کے لئے فوری ہدایات جاری کیں۔آئی جی پی صوبے بھر میں جرائم کی روک تھام کے لئے ا یک موثر بیٹ سسٹم متعارف کرانے اور اس میں پولیس کی موجودگی کو یقینی بنانے کے لئے بھی اقدامات اٹھانے کے لئے ہدایات بھی کیں۔

متعلقہ عنوان :