بجٹ غریب کش اورلفظوں کاہیرپھیرہے ،اپوزیشن سرحد اسمبلی

پیر 16 جون 2008 22:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16جون۔2008ء) صوبائی اسمبلی میں حزب اختلاف نے مالی سال2008-09کے بجٹ کو غریب کش اورلفظوں کاہیرپھیرقراردیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے پیش نظربجٹ میں غریب عوام کوکوئی ریلیف نہیں دیاگیا اورنہ ہی بجٹ پیش ہونے سے قبل اراکین اسمبلی سے مشاورت کی گئی ہے جبکہ تاثریہ تھا کہ اسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی اور پاکستان پیپلزپارٹی کاعلیحدہ علیحدہ بجٹ پیش ہوگا لیکن شاید آخری وقت میں مشاورت کے بعد مشترکہ بجٹ پیش کیاگیا ۔

ان خیالات کااظہارسرحد اسمبلی میں قائدحزب اختلاف سابق وزیراعلی اکرم خان درانی ،مسلم لیگ ن اورپارلیمانی لیڈرپیرصابرشاہ اورمسلم لیگ ق کے حاجی قلندرخان لودھی نے بجٹ اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعلی اکرم خان درانی نے مہنگائی انتہائی زیادہ ہے غریب آٹا،بجلی ،پانی اوردیگربجرانوں میں گراہوا ہے انہیں کوئی ریلیف نہیں دیاگیا ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ نہیں کیاگیا ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ کے بیش ترنکات سابقہ حکومت کے بجٹ کاتسلسل ہے جبکہ بعض اچھے اقدامات کو شامل نہیں کیاگیا انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے عوام کوآٹے کے لئے لائنوں میں کھڑا نہیں ہونا پڑتا تھا اورنہ ہی اس قسم کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ ہوتی تھی ۔انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لئے بغیر بجٹ سازی کی گئی تاثریہ تھا کہ پیپلزپارٹی اوراے این پی علیحدہ علیحدہ بجٹ پیش کریگی کیونکہ وزیراعلی نے عوامی نیشنل پارٹی کواعتماد میں لیاتھا اورسینئر صوبائی وزیر رحیم دادخان نے پیپلزپارٹی کو۔

شایدآخری وقت میں مشاورت کے بعد بجٹ کی ایک ہی کتاب شائع کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ کرک میں ڈیموں کی منظوری صدرمملکت نے سابق حکومت میں دی ۔انہوں نے کہا کہ عوام نے اے این پی سے کافی امیدیں وابستہ کی تھیں لیکن اب افسوس کریں گے ۔اس موقع پر پیر صابرشاہ نے کہا کہ عوام بھوک سے مررہے ہیں اورحکومت ترقیاتی بجٹ کوزیادہ کرنے پر لگی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اچھے روڈ،اچھے گھر اوراچھے حالوں پر عوام کیاکرے گی کہ کھانے کے لئے روٹی نہ ہو۔

موجودہ بجٹ لفظوں کاہیرپھیر ہے عوام کوکوئی ریلیف نہیں دیاگیا ۔ترقی بجٹ کم کرناچاہیئے تھا ۔مسلم لیگ ق کے قلندرلودھی نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں بے روزگاری مہنگائی کے خاتمے کے لئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے عام آدمی کے لئے کوئی ریلیف نہیں ہے ۔بجٹ غریب کش ہے۔