کنزر ویٹو پارٹی کے سربراہ کی وزیر خارجہ سے ملاقات ، پاک برطانیہ تعلقات ،علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال، اقتصادی ترقی کے علاوہ دہشت گردی و انتہاء پسندی کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں،شاہ محمود قریشی

بدھ 3 ستمبر 2008 21:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3ستمبر۔2008ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ دہشت گردی و انتہاء پسندی کا خاتمہ اور جمہوری اداروں کا استحکام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔یہ بات انہوں نے برطانیہ کی کنزر ویٹو پارٹی کے سربراہ ڈیوڈ کیمرون سے گفتگو کر تے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے بدھ کو ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران پاک برطانیہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور بھی زیر غور آئے۔

فریقین نے کثیر جہتی تعلقات کی موجودہ سطح اور سمت پر اطمینان کا اظہار کیا خصوصاً تجارت،ترقیاتی امداد اور سرمایہ کاری کے شعبے میں تعلقات کو باعث اطمینان قرار دیا گیا۔ ملاقات کے دوران یورپی یونین میں پاکستان کے سب سے بڑے اقتصادی اور ترقیاتی شعبے کے شراکت دار کی حیثیت سے برطانیہ کی اہمیت اجاگر کی گئی اور باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کنزر ویٹو پارٹی کے سربراہ کو جمہوری حکومت کے قیام کے بعد پاکستان میں ہونے والی سیاسی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستانی حکومت کی ترجیحات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ جمہوری اداروں کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ ڈیوڈ کیمرون نے ان تمام معاملات میں برطانیہ کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔