پاکستان کے ساتھ کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کے حوالے سے بھی تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے، سری لنکن وزیر کھیل

ہفتہ 21 فروری 2009 20:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21فروری۔2009ء) سری لنکا کے وزیر کھیل گامنی لوکیج نے کہا ہے کہ بحران میں پاکستان کا ساتھ دینا ہمارا فرض بنتا تھا۔ پاکستان کے ساتھ کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کے حوالے سے بھی تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو نیشنل اسٹیڈیم میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہی۔ اس موقع پر پاکستان کے وفاقی وزیر کھیل پیر آفتاب شاہ جیلانی بھی موجود تھے۔

گامنی لوکیج نے کہا کہ سری لنکا میں حالیہ تامل کارروائیوں کے باوجود سری لنکا میں کھیلوں کو کوئی خطرات نہیں ہیں اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سری لنکا ہی میں ہونی چاہئے۔ کیونکہ سری لنکا پاکستان کا متبادل وینیو تھا اس کو دبئی میں نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان میں ہماری ٹیم کو سیکورٹی کا کوئی خطرہ نہیں اور میں بھی اس لئے پاکستان آیا ہوں تاکہ دنیا میں اچھا پیغام جائے کہ سری لنکا کی ٹیم کے ساتھ ان کا وزیر بھی پاکستان میں ہے۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دو حصوں میں کرکٹ سیریز کھیلنے کے حوالے سے ہم پر بھارت کا کوئی دباؤ نہیں تھا۔ ہمارے بھارت سے بھی اچھے تعلقات ہیں۔ یہ ہمارا اپنا فیصلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس خطے کے دوسرے ممالک کے ساتھ انڈر 17 اور انڈر 15 کرکٹ کی سطح پر بھی مسلسل کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کو آپس میں کھیل کر فائدہ پہنچ سکے۔

متعلقہ عنوان :