پاکستان کیلئے کوالیفائنگ راؤنڈ ورلڈکپ سے پہلے ورلڈکپ کی حیثیت رکھتا ہے ، سہیل عباس

بدھ 15 جولائی 2009 23:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جولائی۔2009ء) قومی ہاکی ٹیم کے پنالٹی کارنرسپیشلسٹ سہیل عباس کا کہنا ہے کہ پاکستان کیلئے کوالیفائنگ راؤنڈ ورلڈکپ سے پہلے ایک ورلڈکپ کی حیثیت رکھتا ہے۔نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں واپڈا انٹریونٹ کپ کے افتتاحی روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سہیل عباس کا کہنا تھاکہ قومی ٹیم کیلئے کوالیفائنگ راؤنڈ انتہائی سخت اور مشکل ترین مرحلہ ہوگا اور پاکستان کو سخت محنت کرنا ہوگی کیونکہ یورپیئن ٹیمیں بھر پورتیاری کررہی ہیں جبکہ ہماری ٹیم کو مکمل تیاری نہیں مل رہی ،البتہ پاکستانی ٹیم میں فٹنس کے کوئی مسائل نہیں ہیں اور اگر اچھی تیاری کی جائے توپاکستان ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرسکتا ہے۔

ہاکی سٹار نے مزید کہ پی ایچ ایف نے جونیئر کھلاڑیوں کو بڑے ایونٹس سے قبل مختلف سیریز اور ٹورنامنٹس میں آزمانے کا بہترین اقدام اٹھایا ہے کیونکہ اس سے آپ ورلڈکپ ، اولمپک اور چیمپئنزٹرافی کیلئے بہترین سکواڈ تشکیل دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

سہیل عباس نے مزید کہاکہ وہ مسلسل تین سال سے لیگ ہاکی کھیل رہے تھے اور گزشتہ ماہ خوب آرام کیا اور ہاکی سے بالکل دوررہنے کے بعداب دوبارہ ہاکی شروع کردی ہے ۔

ایشیا کپ کے حوالے سے سہیل عباس کا کہنا تھا کہ اس نے ہم نے بہت محنت کی لیکن شاید کوریا نے ہم سے بھی زیادہ اچھی ہاکی کھیل فائنل میں کامیابی حاصل کی لیکن یہ کہنا غلط ہے کہ ہماری شکست کی وجہ پی ایچ ایف کے سیکرٹری یا فٹنس کی کمی تھی۔سہیل عباس نے پاکستان ہاکی کے مستقبل کو شاندار قراردیتے ہوئے کہاکہ ان کے خیال میں پی ایچ ایف پر غیرضروری تنقید کی جارہی ہے حالانکہ حقیقت تو یہ ہے کہ پی ایچ ایف کی نئی انتظامیہ نے عمدہ شروعات کیں ہیں اور ہاکی کے فروغ کیلئے عملی طور پر کام ہوتا ہوا نظر آرہا ہے لہذا ناقدین کو میں یہی کہوں گا کہ تنقید برائے تنقید سے گریز کرکے تنقید برائے اصلاح کی جائے تاکہ پاکستان ہاکی میں اگر کوئی خامی بھی ہے تو اسے دور کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :