ورلڈ کپ فٹ بال، انگلش کھلاڑیوں پر ٹوئٹر یا فیس بک پر تبصرہ کرنے یا اخبارات کیلئے مضمون لکھنے پر پابندی لگا دی گئی

جمعہ 28 مئی 2010 14:14

جوہانسبرگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مئی۔2010ء ) ورلڈ کپ فٹ بال کے دوران انگلش ٹیم کے کھلاڑیوں پر ٹوئٹر یا فیس بک پر تبصرہ کرنے یا اخبارات کیلئے مضمون لکھنے پر پابندی لگا دی گئی ۔انگلش فٹبال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کھلاڑی ٹورنامنٹ کے دوران صرف ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ پر ہی اپنے خیالات کا اظہار کر سکیں گے۔ہسپانوی کوچ پہلے ہی اپنی ٹیم کے سماجی روابط کی ویب سائٹس کے استعمال پر پابندی لگا چکے ہیں ہسپانوی فٹبال کے ایک عہدیدار کے مطابق ٹیم کے کوچ کی توجہ بٹانے کا کوئی سامان نہیں چاہتے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر متعدد فٹبال کھلاڑیوں کے اکاوٴنٹ موجود ہیں اور ان کھلاڑیوں کی جانب سے اس کے غلط استعمال کے چند واقعات بھی پیش آ چکے ہیں۔ایسے ہی ایک واقعے میں جولائی 2009 میں انگلش ٹیم کے سٹرائیکر ڈیرن بینٹ کو ٹوٹنھم کے چیئرمین پر الزام تراشی کے بعد معافی مانگنی پڑی تھی۔

(جاری ہے)

حال ہی میں ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے برازیلی فٹبالر کاکا نے کہا تھا کہ وہ اپنی اہلیہ کا ٹوئٹر اکاوٴنٹ بند کروا دیں گے۔

انہوں نے یہ بات ہسپانوی میڈیا میں یہ خبریں آنے کے بعد کہی تھی، جن کے مطابق کاکا کی اہلیہ نے اپنے شوہر کو میچ کے دوران زیادہ دیر نہ کھلانے پر ٹیم کے کوچ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ واضح رہے کہ فٹبال کا عالمی کپ 11 جون سے جنوبی افریقہ میں شروع ہو رہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں انگلینڈ اپنا پہلا میچ 12 جون کو امریکہ، دوسرا 18 جون کو الجیریا جبکہ تیسرا23جون کو سلوانیہ کے خلاف کھیلے گا۔

متعلقہ عنوان :