کاشتکار گندم کی زیادہ پیداوار حاصل کر نے کیلئے زیادہ پیداواری صلاحیت کا معیاری بیج استعمال کریں ، محکمہ زراعت پنجاب ، سیڈ گریڈر کے استعمال سے گندم میں موجود بھوسہ ، کمزور ، بیمار اور جڑی بوٹیوں کے بیج علیحدہ ہو جاتے ہیں ،ترجمان ، بیماریوں کیخلاف قوت مدافعت رکھنے والی اقسام کا انتخاب کریں ، بیج کو پھپھوندکش زہر ضرور لگائیں ،ہدایت نامہ جاری

جمعہ 4 اکتوبر 2013 16:45

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4اکتوبر 2013ء) محکمہ زراعت پنجاب ،راولپنڈی کے ترجمان نے کہاہے کہ گندم کے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ گندم کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے زیادہ پیداواری صلاحیت کا معیاری بیج استعمال کریں ۔ایسے کاشتکار جنہوں نے فصل کی بوائی کیلئے اپنے کھیتوں سے بیج رکھا ہوا ہے وہ کاشت سے قبل بیج کو سیڈ گریڈ کروا لیں اور فی ایکڑ زیادہ پیداوارکے حصول کیلئے منظور شدہ اقسام کے تصدیق شدہ بیج کا انتظام کریں ۔

ایک بیان میں ترجما ن نے کہاکہ گندم کے بیج کی صفائی کیلئے سیڈ گریڈر ہر مرکز کی سطح پر زراعت آفیسر کے دفتر میں مہیا کیے گئے ہیں ان سے گندم کے بیج کی بہت اچھی طرح صفائی ہوجاتی ہے سیڈ گریڈر اور بیج گندم کے چھوٹے اور بیمار دانوں کے علاوہ جڑی بوٹیوں کے بیجوں سے بھی پاک ہو جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ سہولت محکمہ زراعت کی طرف سے مفت مہیا کی جارہی ہے لہذا گندم کے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ بلا تاخیر اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے علاقے میں مفت سیڈ گریڈ کرانے کیلئے متعلقہ زراعت آفیسر سے رابطہ کریں ۔

سیڈ گریڈر کے استعمال سے گندم میں موجود بھوسہ ، کمزور ، بیمار اور جڑی بوٹیوں کے بیج علیحدہ ہو جاتے ہیں اور کاشت کیلئے گندم کا معیاری بیج دستیاب ہوتا ہے جس کی کاشت سے فصل کا اگاؤ بہتر ہوتا ہے اور فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل ہوتی ہے ۔ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی اقسام کا انتخاب کریں اور کاشت سے قبل بیج کو پھپھوندکش زہر ضرور لگائیں تاکہ گندم کی نئی کاشتہ فصل آغاز میں پھپھوندی والی بیماریوں کے حملہ سے محفوظ بنائی جاسکے ۔ گندم کی منظور شدہ اقسام کو مناسب وقت پر کاشت کریں ۔ بیج کے اُگاؤ کی شرح 85 فیصد ہونی چاہیے ورنہ شرح بیج میں اضافہ کر لیں ۔

متعلقہ عنوان :