کراچی‘ ٹیٹراپیک دودھ کے تیارکنندگان نے غیراعلانیہ طور پر فی لیٹر دودھ کے پیکٹ کی قیمت میں4 روپے کا اضافہ کردیا

اتوار 16 مارچ 2014 13:01

کراچی‘ ٹیٹراپیک دودھ کے تیارکنندگان نے غیراعلانیہ طور پر فی لیٹر دودھ ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2014ء)ٹیٹراپیک دودھ کے تیارکنندگان نے غیراعلانیہ طور پر فی لیٹر دودھ کے پیکٹ کی قیمت میں4 روپے کا اضافہ کردیا ہے جس کے نتیجے میں فی لیٹر ٹیٹراپیک دودھ کے پیکٹ کی قیمت95 روپے سے بڑھ کر99 روپے ہوگئی، اس طرح سے رواں سال کے ابتدائی ڈھائی ماہ کے دوران ٹیٹرا پیک ملک کے تیارکنندگان کی جانب سے بلاجواز فی لیٹردودھ کے پیکٹ کی قیمت میں مجموعی طور پر9 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ جنوری2014 میں فی لیٹرٹیٹرا پیک دودھ کی قیمت90 روپے تھی جو فروری کے وسط میں 5 روپے کے اضافے سے 95 روپے کردی گئی اور اب ہفتہ کو مزید4 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیٹرا پیک دودھ کے تیار کنندگان کی جانب سے یہ روایت بن گئی ہے کہ وہ پیشگی اطلاع دیے بغیر اچانک من مانے انداز میں قیمتوں میں اضافہ کرنے لگے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ان کمپنیوں کو لگام دینے کیلئے متعلقہ ادارے غیرمتحرک ہوگئے ہیں اورپرائس کنٹرول کمیٹی کی رٹ بھی ختم ہوگئی ہے۔