آئی ٹی یونیورسٹی تعلیمی لحاظ سے ترقی کر رہی ہے نصابی سر گرمیوں میں بھی سب سے آگے ہیں، گورنربلوچستان،محمد خان اچکزئی نے بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمشین ٹیکنالوجی کے اولمپیاڈ 2014 کا افتتاح کیا،یونیورسٹی کے لئے بیس لاکھ روپے کے عطیہ کا اعلان

منگل 20 مئی 2014 20:31

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مئی۔2014ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے منگل کے روز بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمشین ٹیکنالوجی ، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے موسم بہار کے اولمپیاڈ 2014ء کا افتتاح کیا ۔ یہ اولمپیاڈ ایک ہفتہ کیلئے منعقد کیا جا رہا ہے جس کے دوران کھیلوں کے مختلف مقابلے منعقد ہوں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یہ امر اُن کے لئے باعث اطمینان ہے کہ آئی ٹی یونیورسٹی نہ صرف تعلیمی لحاظ سے ترقی کر رہی ہے بلکہ ہم نصابی سر گرمیوں میں بھی سب سے آگے ہیں، اُنہوں نے کھیلوں کے ان مقابلوں کے انعقاد، یونیورسٹی طلباء کے قومی چمپئن شپ میں حصہ لینے اور مختلف کھیلوں اور اتھلیٹکس کی عالمی سطح کی سہولتیں فراہم کرنے پر یونیورسٹی کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے آئی ٹی یونیورسٹی میں سپورٹس کمپلیکس کے قیام پر بھی خوشی کا اظہار کیا جس کو تمام جدید سہولتوں سے آراستہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہولتیں بہتر تعلیمی کارکردگی میں معاون ثابت ہوں گی ۔ انہوں نے کھیلوں کے مقابلے منعقدکروانے پر وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور توقع ظاہر کی کہ دیگر یونیورسٹیاں بھی آئی ٹی یونیورسٹی کی تقلید کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک صحتمند جسم صحتمند دماغ کے لئے ضروری ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں کے ذریعہ ہمارے کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینے کے قابل ہو سکیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بحیثیت چانسلر وہ آئی ٹی یونیورسٹی کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کی ترویج کے لئے جو بھی ضروری ہوا ضرور کریں گے۔گورنر نے یونیورسٹی کے لئے بیس لاکھ روپے کے عطیہ کا اعلان بھی کیا۔

اس موقع پر آئی ٹی یونیورسٹی کے وائس چانسلر فاروق احمد بازئی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے یونیورسٹی کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ اس سے قبل کھیلوں کے ان مقابلوں میں حصہ لینے والی ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا جبکہ طلباء نے علاقائی رقص اور قومی نغمے پیش کئے۔ بعد میں گورنر نے اس موقع پر لگائی گئی فنی نمائش کا بھی معائنہ کیا۔

متعلقہ عنوان :